کراچی میں مزید زلزلے آئینگے، نیشنل سونامی وارننگ سینٹر نے خبردار کر دیا

0
12

کراچی میں زلزلہ فالٹ لائن فعال ہوگئی جس کے باعث آئندہ 2 روز کے دوران مزید زلزلے آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز کی شام سے اب تک مختلف اوقات میں متعدد مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہر بھر میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی، زلزلے سے خوفزدہ مکینوں نے رات کھلے آسمان تلے گزاری، خواتین کی جانب سے قرآن پاک کی تلاوت کا سلسلہ جاری ہے۔
سربراہ نیشنل سونامی وارننگ سینٹر کراچی امیر حیدر لغاری نے کہاہے کہ کراچی میں لانڈھی کی فالٹ لائن گزشتہ روز سے فعال ہوئی ہے، فالٹ لائن میں انرجی جمع ہو جاتی ہے، آہستہ آہستہ انرجی ریلیز ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سے دو دن تک شہر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جائیں گے، زلزلے کے جھٹکوں کی شدت بتدریج کم ہوتی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز آنے والے زلزلے کا مرکز قائد آباد کے قریب تھا، ایک اور زلزلے کا جھٹکا رات1 بج کر 6 منٹ پر آیا تھا، رات گئے آنے والے زلزلے کی شدت 3.2 اور گہرائی 12 کلومیٹر تھی، رات گئے آنے والے زلزلے کا مرکز گڈاپ ٹاؤن کے قریب تھا۔
امیر حیدر کا کہنا تھا یہ زلزلے کے جھٹکے لانڈھی فالٹ ریجن میں آرہے ہیں، یہ زلزلے کے معمولی جھٹکے ہیں، اس فالٹ لائن پر آج تک بڑے زلزلہ کے جھٹکے نہیں آئے ہیں، کراچی کی دوسری فالٹ لائن تھانہ بولا خان کے قریب ہے، یہ دونوں متحرک فالٹ لائن ہیں۔

Leave a reply