گندم خریداری کے عمل میں غفلت کا معاملہ، وزیراعظم شہباز شریف نے پاسکو کے ایم ڈی اور اعلیٰ سرکاری افسران کومعطل کردیا

0
47

لاہور:(پاکستان ٹوڈے) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسانوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے، حکومت ملک میں غذائی تحفظ کے حوالے سے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت گندم کی طلب، رسد اور خریداری پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

وزیر اعظم نے گندم کی خریداری کا عمل صاف اور شفاف بنانے کے کیلئے  ٹیکنالوجی کے استعمال اور  موبائل فون ایپلی کیشن تیار کرنے کی تاکید کی جب کہ وزیراعظم نے  پاسکو کے اسٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے استفسار کیا کہ گندم کی خریداری کے عمل کے لیے موبائل ایپلی کیشن تیار کیوں نا کروائی گئی ؟ وزیراعظم نے گندم خریداری کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے ہدایات پر عمل نہ کرنے اور غفلت برتنے پر پاسکو کے مینیجنگ ڈائریکٹر  اور جنرل مینیجر پروکیورمنٹ کو معطل کردیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کسان کے معاشی تحفظ کے لیے اجناس کی انشورنس کو یقینی بنایا جائے، پاسکو 4 لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم کی شفاف اور مؤثر طریقے سے خریداری کرے۔

وزیر اعظم نے اجلاس میں انتباہ دیا کہ کسان کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جب کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے پاسکو مراکز اور افسران کا انتخاب کیا جائے گا اور ان کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی۔

Leave a reply