گیس بلوں میں 70 فیصد تک کمی،گیزر میں لگنے والی جدید ڈیوائس تیار

سردیوں کی آمد آمد کیساتھ گیس بلوں میں 70 فیصد تک کمی کی خوشخبری، گیزر میں لگنے والی جدید ڈیوائس تیار ، پاکستانی سٹارٹ اپ نے ایک ایسی جدید ڈیوائس تیار کر لی ہے جو گیزر پر لگانے سے گیس کے بلوں میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
اس ڈیوائس کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسے استعمال کرنے سے صارفین کے بل 70 فیصد تک کم ہو سکتے ہیں۔
یہ انکشاف نیشنل انکیوبیشن سنٹر اسلام آباد میں منعقدہ بریفنگ کے دوران ثناء خٹک نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ڈیوائس کو’’ایزی گیزر ڈیوائس‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور یہ انٹرنیٹ کے ذریعے چلتی ہے۔ ڈیوائس میں جدید سینسرز نصب کیے گئے ہیں جو پانی کے درجہ حرارت اور گیس کے استعمال کو کنٹرول کرتے ہیں، اس طرح غیر ضروری گیس کے ضیاع کو روکا جا سکتا ہے۔
ثناء خٹک کے بقول یہ ڈیوائس اسمارٹ فون ایپ کے ساتھ منسلک کی جا سکتی ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے گیزر کو دور بیٹھے بھی کنٹرول کر سکیں گے۔ اس فیچر سے نہ صرف سہولت ملے گی بلکہ گیس کی بچت بھی ممکن ہوگی۔پاکستان میں گیس کے بڑھتے ہوئے بحران اور مہنگائی کے پیشِ نظر یہ ڈیوائس ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔ اکثر گھروں میں گیزر دن بھر آن رہتے ہیں جس کی وجہ سے گیس کا استعمال بہت زیادہ ہو جاتا ہے، لیکن ایزی گیزر ڈیوائس کے ذریعے گیزر صرف اسی وقت فعال ہوتا ہے جب پانی گرم کرنے کی ضرورت ہو۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ ایجاد پاکستان جیسے ملک کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جہاں توانائی کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر اس ڈیوائس کو بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جائے تو گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ تجارتی شعبہ بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اس ڈیوائس کی خبر کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ مارکیٹ میں آنے کے بعد یہ ڈیوائس عام آدمی کے توانائی کے اخراجات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔















