یران: سات ہزار سال پرانا کندوان گاؤں

0
71

پاکستان ٹوڈے: ایران کے شمال مغرب میں واقع تاریخی صوبے آذربایجان شرقی کے شہر تبریز کے مضافات میں خوبصورت گاوں کندوان ہے جہاں فن تعمیر کی منفرد مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں ۔ کندوان اپنے منفرد فن تعمیر اور ساخت کی وجہ سے ایران کے قومی ورثے کی فہرست میں شامل ہے اور یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست کے لیے بھی نامزد ہے۔

حیرت انگیز طور پر انوکھا کنڈون ان لوگوں کی کہانی بیان کرتا ہے جو ہزاروں سال پہلے منگولوں کے حملے سے بچ کر سہند پہاڑوں کی ڈھلوانوں تک پہنچ گئے تھے اور اس نئی سرزمین میں پہاڑوں کے کنارے مکانات کو ہاتھ سے تراش کر آباد ہوئے ۔

سات ہزار سال پرانے کندوان کے چٹانی گاؤں کو اکثر ترک علاقے کاپاڈوشیا سے زیادہ قدیم اور کم آبادی والا ورژن کہا جاتا ہےلیکن کیپاڈوشیا کے پتھریلی علاقے میں اب انسانی زندگی موجود نہیں ہے اور اس کا شمار صرف ترکی کے سیاحتی علاقوں میں ہوتا ہے جبکہ ایران کے گاؤں کندوان کے خوبصورت پتھریلے گھروں میں زندگی اب بھی رواں دواں ہے۔

تبریز سے 60 کلو میٹر کی دوری پر خوبصورت پہاڑی گاؤں کی عجیب اور منفرد طرز تعمیر نے اس کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دئیے ہیں. کندوان گاؤں کی شہرت کی اصل وجہ یہاں پر موجود مکھی کے چھتے جیسے گھر ہیں اور ان کی فن تعمیرمیں پلاسٹر، چونا،اینٹ اور مٹی وغیرہ کا استعمال نہیں ہوا۔

ان دلچسب گھروں کی دیواروں کی چوڑائی تقریبا 2 میٹر ہے اسی لیے ان گھروں کی اندرونی فضا قدرتی طور پر سردیوں کے موسم میں گرم اور گرمیوں کے موسم سرد رہتی ہے۔ تخیل کے برعکس اس گاؤں کے پتھریلے مکانات میں عام گھروں کی طرح مختلف حصوں جیسے بیڈروم ،لیونگ روم ، کچن اور بجلی جیسی سہولت بھی میسر ہے۔

کنڈوان کے مکین بے پناہ محبت کرنے والے اور سادہ مزاج ہیں ۔ ان کی مہمان نوازی ناقابل فراموش ہے۔ غارنما گاؤں میں رہنا کیسا محسوس ہوتا ہے،اس کا حقیقی تجربہ حاصل کرنے کیلئےیہاں کئی گھر سیاحوں کے لیے کرائے پربھی دستیاب ہیں۔

کندوان گاؤں کی سب سے اہم سوغات’’شہد ‘‘ ہےجبکہ دیگر سوغاتوں میں خشک میوے اور خواتین کی دستکاری کی مصنوعات شامل ہیں، سیاحت کیلئے آنے والے لوگ یہاں کی مٹھائیاں اور روایتی چائےبھی خرید سکتے ہیں جو دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی۔ اس کےعلاوہ یہاں سیاحوں کیلئےفائیوسٹار ہوٹل کی سہولت بھی موجود ہے ،یہ ہوٹل بھی پہاڑ کے اندر بنایا گیا ہے اور اسی مناسبت سے اس کا نام کندوان کیو ہوٹل رکھا گیا ہے۔

Leave a reply