یورپ شدید گرمی کی لپیٹ میں:پارہ100 ڈگری کو چھو گیا

یورپ شدید گرمی کی لپیٹ میں،پارہ100 ڈگری کو چھو گیا۔براعظم یورپ ان دنوں شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہے،جہاں گزشتہ روز درجہ حرارت 100 ڈگری فارن ہائیٹ سے تجاوز کرگیا۔
جنوبی فرانس سے لیکر بالکان تک شدید گرمی شہروں کو جھلسا رہی ہے،رواں ہفتے کے پہلےروز جنوبی فرانس میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ (109.4 فارن ہائیٹ) تک پہنچ گیا، جبکہ سپین کے محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے درجہ حرارت بعض علاقوں میں 110 ڈگری فارن ہائیٹ تک جا سکتا ہے۔اٹلی کی وزارت صحت نے بولونیا اور فلورنس سمیت بڑے شہروں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے، 16 شہروں میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔
برطانوی ادارے کاربن بریف کے مطابق 2025 دنیا کا دوسرا یا تیسرا سب سے زیادہ گرم سال ثابت ہو سکتا ہے،کیونکہ یورپ کا زمینی درجہ حرارت صنعتی دور سے پہلے کے مقابلے میں تقریباً 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ چکا، جو عالمی اوسط سے تقریباً دو گنا ہے ، یہ اضافہ ہیٹ ویوز اور جنگلوں کی آگ کو بڑھا رہا ہے۔
یورپی فاریسٹ فائر انفارمیشن سسٹم کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال اب تک تقریباً 24 لاکھ ایکڑ زمین جل چکی ، جو گزشتہ 19 برسوں میں سب سے زیادہ ہے اور اوسطاً جلنے والے رقبے سے دوگنی ہے۔