یوم آزادی پربونداباندی سے بہار کا سماں، لاہور کا موسم دلکش ہو گیا

یوم آزادی کےموقع پربونداباندی سے بہار کا سماں، لاہور کا موسم دلکش ہو گیا ہلکی بارش سے گرمی اور حبس میں واضح کمی ہوگئی۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے کئی علاقوں میں ہلکی بونداباندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ صبح سویرے برسنے والے بادلوں نے نہ صرف گرمی کا زور توڑا بلکہ حبس کی شدت بھی کم کر دی، جس سے شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔
باغوں کے شہر لاہور میں اعلی الصبح ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، اور شہریوں کے چہرے تروتازہ نظر آئے۔ شہر کے مختلف حصوں میں بادل خوب برسے۔
تاج پورہ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، مغل پورہ، جیل روڈ، مال روڈ اور گلبرگ میں بارش ہوئی۔ اسی طرح جوہر ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، باغبانپورہ، دھرمپورہ، ملک پارک، لاہور ہائیکورٹ اور ملحقہ علاقوں میں بھی بونداباندی دیکھی گئی۔
کلمہ چوک، اچھرہ، اقبال ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، کوٹ لکھپت اور قرب و جوار کے علاقوں میں بھی ہلکی بارش نے موسم کو خوشگوار بنایا، جبکہ وحدت روڈ، کریم بلاک، ٹھوکر نیاز بیگ اور گردونواح میں بھی بونداباندی جاری رہی۔
بارش کےاعدادوشمار:
جیل روڈپر5،ایئرپورٹ پر5 اورگلبرگ میں 5ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی جبکہ لکشمی چوک8،اپرمال6 اورمغلپورہ میں5ملی میٹربارش ہوئی۔اُدھرنشترٹاؤن5،چوک ناخدامیں10اورپانی والاتالاب میں11ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی۔