یوٹیوب شارٹس میں اب 3 منٹ طویل ویڈیو پوسٹ کرنا ممکن

0
10

یوٹیوب صارفین کیلئے خوشخبری ،یوٹیوب شارٹس میں اب 3 منٹ طویل ویڈیو پوسٹ کرنا ممکن ہو گیا ۔ ٹک ٹاک کی مقبولیت نے دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی خود کو بدلنے پر مجبور کردیا اور ان کی جانب سے مختصر ویڈیوز کو زیادہ ترجیح دی جارہی ہے۔
درحقیقت ٹک ٹاک کی مقبولیت نے یوٹیوب کو مختصر ویڈیوز پر مبنی فیچر شارٹس متعارف کرانے پر مجبور کیا جس میں صارف ایک منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرسکتے ہیں۔مگر اب یوٹیوب شارٹس کے دورانیے کو کچھ بڑھایا جا رہا ہے۔15 اکتوبر سے گوگل کے اس پلیٹ فارم میں ویڈیوز کا دورانیہ ایک منٹ سے بڑھا کر 3 منٹ کیا جا رہا ہے۔ٹک ٹاک میں کافی عرصے سے 10 منٹ طویل ویڈیوز کرنے کا آپشن صارفین کو دستیاب ہے جبکہ کمپنی کی جانب سے اسے 30 منٹ تک بڑھانے کیلئے کام کیا جا رہا ہے۔اب لگتا ہے کہ گوگل کی جانب سے اس میدان میں بھی ٹک ٹاک کو ٹکر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مطالبہ صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ کیا جا رہا تھا جس کے باعث شارٹس کے دورانیے کو بڑھایا جا رہا ہے۔شارٹس کے دورانیے میں اضافے کے ساتھ یوٹیوب کی جانب سے چند فیچرز کا اعلان بھی کیا گیا۔ان میں سے ایک فیچر شارٹس فیڈ میں کمنٹس کے پریویو کا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کی جانب سے ٹیمپلیٹس نامی فیچر پر بھی کام کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے صارفین شارٹس کیمرے کے ذریعے یوٹیوب پر موجود کلپس کو اپنی ویڈیوز کا حصہ بنا کر ری مکس کلپس بناسکیں گے۔
اگر آپ کو شارٹس پسند نہیں تو اب اس کے لیے بھی ایک ٹول متعارف کرایا جار ہا ہے۔اس ٹول کے ذریعے کمپنی کی جانب سے آپ کو کم از کم شارٹس دیکھنے کا آپشن دیا جائے گا۔اس ٹول تک رسائی یوٹیوب ایپ سیٹنگز کے ذریعے ممکن ہوگی۔

Leave a reply