190 ملین پاؤنڈ کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں سننے کا فیصلہ

0
9

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔
عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی اپیلوں کی سماعت کے لیے 7 مئی کی تاریخ مقرر کی، جبکہ قرار دیا کہ اپیلیں مقرر ہونے کے بعد سزا معطلی کی درخواستیں غیر مؤثر ہو جاتی ہیں۔
دوسری جانب عدالت نے بشریٰ بی بی تک ذاتی معالج کی رسائی اور فیملی ملاقات سے متعلق درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ دو روز کے اندر درخواست پر فیصلہ کریں۔
عدالت نے حکم دیا کہ جیل حکام وجوہات کے ساتھ تحریری فیصلہ جاری کریں، جبکہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو6 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب بھی کر لیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست جیل حکام کو بذریعہ کورئیر اور ذاتی طور پر بھی جمع کرائی جا چکی ہے، جس پر عدالت نے اسٹیٹ کونسل کوہدایت دی کہ آئندہ سماعت سے قبل اس پر فیصلہ کیا جائے۔
وکیل کے مطابق بشریٰ بی بی کی 16 اور 17 اپریل کی درمیانی شب سرجری بھی ہوئی، جس پر عدالت نے کہا کہ معاملہ سامنے آ چکا ہے اور اسی لیے درخواست جیل حکام کو بھیجی جا رہی ہے تاکہ وہ قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔

Leave a reply