صحرائے چولستان میں 21ویں انٹرنیشنل ڈیزرٹ جیپ ریلی سج گئی

صحرائے چولستان میں 21ویں انٹرنیشنل ڈیزرٹ جیپ ریلی سج گئی۔
محکمہ سیاحت پنجاب کے زیر اہتمام سجنے والی 21 ویں چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی 15 فروری تک جاری رہے گی،جسے دیکھنے کیلئے اندرون اور بیرون ملک سے ہزاروں سیاح بہاولپور پہنچ رہے ہیں۔صحرائے چولستان ایک بار پھر رفتار اور جوش کا مرکز بن گیا، جہاں 21ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ایونٹ میں ملکی اور غیر ملکی ریسرز اپنی مہارت کے جوہر دکھائیں گے۔ ریس ٹریک کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے، جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایونٹ کے پُر امن انعقاد کیلئے جامع سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے اور فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کے موقع پر ثقافتی پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے ،تاکہ سیاحوں کو صحرا کی روایتی رنگا رنگی سے روشناس کرایا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق دو ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور ریسرز کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ڈی ایس پی ٹریفک کی نگرانی میں 400 اہلکار تعینات ہوں گے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موبائل فیلڈ ہسپتال اور فور بائے فور ایمبولینسز بھی موقع پر موجود ہوں گی۔
صحرا چولستان میں سجنے والی یہ ریلی نا صرف میگا سپورٹس ایونٹ ہے، بلکہ سیاحت اور ثقافت کے فروغ کا بھی بڑا ذریعہ سمجھی جا رہی ہے۔















