24نومبرکی فائنل کال:راستوں کی بندش پرپی ٹی آئی کاپلان بی سامنےآگیا
پی ٹی آئی کی 24نومبر کواحتجاج کی فائنل کال، راستوں کی بندش پرپی ٹی آئی کاپلان بی آگیا۔ عمران خان کے پیغامات کے بعد پی ٹی آئی نے احتجاج کے لیے پلان کو حتمی شکل دے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 24 نومبرکو پی ٹی آئی کے ملک بھرسے قافلے اسلام آباد روانہ ہوں گے، پلان کے مطابق اسلام آباد پہنچنے میں2 سے3 دن لگیں گے۔
ذرائع کے مطابق تمام ورکرز اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے، 26 نومبر کو اسلام آباد میں داخل ہوناہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قیادت کےہمراہ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور رانی خان بھی موجود ہوں گی، اسلام آباد پہنچ کر دھرنے کا پروگرام بھی پلان کا حصہ ہے۔ملک بھر سے ایم این ایز اور ایم پی ایز اپنے اپنے علاقوں سے قافلوں کی قیادت کریں گے۔خیبرپختونخواسےعلی امین گنڈاپور قافلے کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے۔
گزشتہ روز پشاور میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں 24 نومبر کے احتجاج کا فیصلہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں سابق صدر عارف علوی، بیرسٹر گوہر، اسد قیصراورشیخ وقاص اکرم نے شرکت کی۔ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے اجلاس کو حکومت کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کو بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کی بانی سے ملاقاتوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔سابق صدر مملکت عارف علوی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک احتجاج کرنے کے لیے تحریک انصاف کے کارکنوں سے حلف لیا۔
پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر عارف علوی نے کارکنوں سے حلف لیا۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہاکہ ہمارے دل نوچ کر ہی ان سے عمران خان کی محبت ختم کی جاسکتی ہے۔ سابق صدر مملکت نے کہاکہ عمران خان ملک میں آئین و قانون اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، 24 نومبر کو اسلام آباد کی سڑکوں پر عوام کا سمندر رواں دواں ہوگا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت نے پورا ملک بند کرکے ہمارا احتجاج خود ہی کامیاب بنا دیا ہے۔ پنجاب بھر میں دفعہ 144، ہوٹلوں اور لاری اڈوں کی بندش اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہاکہ وفاقی اور پنجاب حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، جس کا واضح ثبوت موٹرویز اور دیگر شاہراہیں بند کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے پورے ملک کو بند کرکے عوام کو تکلیف پہنچائی جارہی ہے، ہمارا احتجاج پُرامن ہوگا۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکمرانوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا ہے، ایک کال سے ہی ان کے اوسان خطا ہوگئے ہیں۔
تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ 24 نومبر کی کال حتمی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ہی عمران خان تاریخ واپس لیں گے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پھر کہا ہے 24 نومبر کو پاکستانیوں کو اپنی آزادی کیلئے نکلنا ہے، ڈیڑھ سال سے جیل میں رکھا ہوا ہے اور مجھ پر جائز کیس بھی نہیں بنائے، میں اقتدار یا کھیل کیلئے نہیں لڑ رہا ہمیں آزادی چاہیے۔
اس سے قبل اسلام آباد میں محسن نقوی اعلیٰ الصبح پولیس لائنز آئے جہاں انہوں نے قیامِ امن کے لیے اسلام آباد پولیس کی جانفشانی کی تعریف کی اور پولیس لائنز میں خطاب کیا۔وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس سے کہہ دیا کہ اسلام آباد کے امن و امان کو خراب کرنے والے ہر شخص کو گرفتار کرنا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے تحریک انصاف کو خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد میں ہر طرح کے جلسے جلوس پر پابندی عائد ہے۔ اگر اسلام آباد پر دھاوے کے دوران کوئی جانی نقصان ہوتا ہے تو اس کہ ذمہ داری احتجاج کرنے والوں پر عائد ہوگی۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان اور حکومت کے درمیان بیک ڈور رابطوں میں بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کی کال واپس لینے کے لیے اپنی رہائی کی خواہش کا اظہار کیا، تاہم حکومت نے انکار کردیا۔
مذاکراتی کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
دسمبر 23, 2024
Leave a reply جواب منسوخ کریں
مزید دیکھیں
-
ریلوے کی آمدنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
دسمبر 2, 2024 -
کراچی میں تیز ہواؤں کی رفتار کا امکان
فروری 27, 2024
اہم خبریں
سائنس/فیچر
پاکستان ٹوڈے ڈیجیٹل نیوز پر شائع ہونے والی تمام خبریں، رپورٹس، تصاویر اور وڈیوز ہماری رپورٹنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو پبلش کرنے سے پہلے اسکے مصدقہ ذرائع کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے، تاہم کسی بھی خبر یا رپورٹ میں ٹائپنگ کی غلطی یا غیرارادی طور پر شائع ہونے والی غلطی کی فوری اصلاح کرکے اسکی تردید یا درستگی فوری طور پر ویب سائٹ پر شائع کردی جاتی ہے۔