
74 سالہ پاکستانی بزرگ ویلڈر نسیم الدین نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ان کا تیسرا عالمی ریکارڈ بھی باضابطہ طور پر منظور کر لیا ہے۔
نسیم الدین نے ہاتھ میں انڈا پکڑ کر 38 ماربل ٹائلز توڑ ڈالیں، جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ 30 ماربل ٹائلز توڑنے کا تھا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے انہیں ای میل موصول ہوئی اور ان کا نام آفیشل ویب سائٹ پر بھی اپڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
نسیم الدین اس سے قبل اپنے مکے کی مدد سے 163 اخروٹ توڑنے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کر چکے ہیں، جبکہ ایک ہاتھ سے سیب کچلنے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔
ان کی فیملی بھی عالمی ریکارڈز میں نمایاں ہے، جہاں ان کی پوتی، پوتا، بیٹا اور بہو پاکستان کے لیے ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ نسیم الدین پاکستان کے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے والے راشد نسیم کے والد ہیں۔
نسیم الدین نے کہا کہ وہ اپنا ریکارڈ فلسطین اور پاکستان آرمی کے نام کرتے ہیں اور یہ تمام پاکستانیوں کے لیے ہے جو اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 74 سال کی عمر میں عالمی ریکارڈ بنا کر انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی فیملی بھی پاکستان کا نام بلند کر رہی ہے، تاہم حکومتی توجہ نہ ملنے پر انہیں حکومتی شخصیات سے ملاقات کی خواہش ہے جو تاحال پوری نہیں ہو سکی۔















