پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بولی 23 دسمبر کو ہوگی

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کیلئے بولی 23 دسمبر کو ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی نجکاری میں شفافیت اور میرٹ اولین ترجیح ہے، نجکاری کیلئے بِڈنگ ملک بھر میں ٹی وی پر براہ راست نشر کی جائے گی۔اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے والی تمام کارباوری شخصیات اور کمپنیوں کے نمائندوں نے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پروزیراعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا کھویا ہوا تشخص بحال کرنے اور قومی ایئرلائن کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نجکاری کا عمل سہل طور سے جاری ہے، انشا اللہ جلد پی آئی اے ایک مرتبہ پھر سے گریٹ پیپل ٹو فلائی وِد (Great People to Fly With) کی اپنی روایات پر پورا اترے گی۔
وزیر اعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاحتی شعبے کی ترقی کیلئے بھی قومی ائیر لائن کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا انتہائی ضروری ہے، ہم پُرامید ہیں کہ آپ میں سے جو بھی بِڈنگ کے بعد اس اہم ذمہ داری کو سنبھالے گا، وہ قومی ائیر لائن پی آئی اے کے تشخص کی بحالی اور اس کی ترقی پر اپنی بھرپور توانائیاں مرکوز کرے گا۔















