یو اے ای صدر کی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

0
9

یو اے ای صدرشیخ محمد بن زاید النہیان نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تجارت سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
نورخان ایئر بیس پر معزز مہمان کا شاندار استقبال کیاگیا،جبکہ گارڈ آف آنر اور 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کابینہ کے ہمراہ معزز مہمان کا خیرمقدم کیا۔وفاقی وزرا میں اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، عطا تارڑ سمیت دیگر وزرا بھی موجود تھے، جبکہ وزیراعظم نے کابینہ ارکان کا تعارف بھی کرایا۔یو اے ای کے صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا۔
یواے ای کے صدر نے وفد کے ہمراہ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مابین تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے جاری تعاون کے شعبہ جات میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ مختلف شعبوں میں روابط کو مزید گہرا کرنے کے امکانات پر غور کیا۔ دونوں فریقین نے معاشی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفرااسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اتفاق کیا جس میں دونوں ممالک کے لیے باہمی مفاد کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطہ و تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کی تجدید کی۔
شیخ محمد بن زاید النہیان کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت دے گا۔
دریں اثنا متحدہ امارات کے صدر اسلام آباد کا دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہوگئے۔

Leave a reply