خیبرپختونخوا :سرمائی تعطیلات کے دوران امتحانات لینے پر پابندی عائد

خیبرپختونخوا میں موسم سرما کی تعطیلات کے دوران امتحانات لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔
پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبرپختونخوا نے اس حوالے سے نجی سکولوں کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا ۔مراسلے میں موسم سرماکی تعطیلات میں امتحانات لینا خلافِ ضابطہ قرار دیتے ہوئے خلاف ورزی پر نجی سکولوں کیخلاف کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔
پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبرپختونخوا کے مطابق سرمائی تعطیلات کے دوران نجی سکولوں میں امتحانات لینا خلافِ ضابطہ قرار دیا گیا ہے، اس حوالے سے پی ایس آر اے نے تمام نجی سکولوں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ امتحانی شیڈول فوری طور پر واپس لیا جائے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ سرمائی تعطیلات میں امتحانات کا انعقاد قواعد و ضوابط کیخلاف ہے، اس لیے کسی بھی سکول کو اس کی اجازت نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی کی صورت میں نجی سکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔















