واٹس ایپ صارفین ہوشیار! پرانے موبائل فونز پر سروس بند ہونے کا خدشہ

واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے۔ میٹا کی زیرِ ملکیت مقبول میسجنگ ایپ پرانے آپریٹنگ سسٹمز والے موبائل فونز کی سپورٹ ختم کرنے کے حوالے سے خبروں میں ہے، جس کے باعث بعض صارفین کو واٹس ایپ استعمال کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، پرانے اینڈرائیڈ اور آئی فون آپریٹنگ سسٹمز پر واٹس ایپ کی سروس متاثر ہوسکتی ہے۔ ایسے صارفین کو ایپ میں لاگ اِن کرنے، اسے اپ ڈیٹ کرنے یا معمول کے مطابق استعمال جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واٹس ایپ کے سرکاری ہیلپ سینٹر کے مطابق، 8 ستمبر 2026 سے اینڈرائیڈ 6.0 سے پرانے ورژنز کی سپورٹ ختم ہوچکی ہے، جبکہ 30 نومبر 2026 سے آئی فون پر واٹس ایپ چلانے کے لیے iOS 15.5 یا اس سے نیا ورژن درکار ہوگا۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے موبائل فون کا آپریٹنگ سسٹم چیک کریں اور اگر اپ ڈیٹ دستیاب ہو تو اسے انسٹال کرلیں۔ اس کے ساتھ ہی واٹس ایپ چیٹس کا بیک اپ بنانا بھی ضروری ہے تاکہ کسی ممکنہ مسئلے کی صورت میں اہم گفتگو محفوظ رہے۔
اگر کسی پرانے فون کے لیے مطلوبہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ دستیاب نہیں تو صارف کو واٹس ایپ استعمال جاری رکھنے کے لیے نیا فون لینا پڑ سکتا ہے۔ تاہم، آئی فون صارفین میں سے بہت سے افراد صرف سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرکے سروس جاری رکھ سکیں گے۔















