
ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات کے باعث تعلیمی ادارے 20 سے 25 نومبر تک بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 6 روز تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔
جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق شہر کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکول 22 سے 25 نومبر تک بند رہیں گے، تاہم گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول فاطمہ جناح 20 سے 25 نومبر تک بند رہیں گے، جہاں تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کی رہائش کا انتظام کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گورنمنٹ گرو نانک گریجویٹ کالج برائے طلبہ 20 سے 25 نومبر تک بند رہے گا، جبکہ گورنمنٹ گرو نانک گریجویٹ کالج برائے طالبات اور تمام پرائیویٹ کالجز میں 23 سے 25 نومبر تک تعطیلات ہوں گی۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش کے باوجود تمام امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے ۔















