وزیراعظم اورصدرمملکت کی قوم کونئےسال کی مبارکباد،ملکی ترقی اورخوشحالی کیلئے نیک خواہشات

وزیراعظم شہبازشریف اورصدرمملکت آصف علی زرداری نےقوم کونئےسال کی مبارکباددیتےہوئے، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اہلِ وطن کو نئے سال کی خوشیاں مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کرے نیا سال خوشحالی، ترقی اور امن کی نوید لے کر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سال 2025 دفاعِ وطن کے حوالے سے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا اور قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ملک کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔
صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ سال 2026 اجتماعی عزم اور قومی خود احتسابی کا متقاضی ہے۔ پاکستان کو درپیش عالمی اور داخلی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، نوجوانوں اور مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ معاشی خود مختاری کا راستہ پیداوار، برآمدات اور نظم و ضبط سے ہو کر جاتا ہے۔
صدرِ مملکت کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی اب قومی سلامتی کا مسئلہ بن چکی ہے، ہر قسم کی انتہاپسندی اور تشدد کو مکمل طور پر مسترد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اختلافِ رائے سے مضبوط ہوتی ہے، تصادم سے نہیں اور سیاسی قوتوں کو پارلیمان میں تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔















