تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو سردی کی شدید لہر سے خبردار کردیا اور کہا ہے نئی لہر شہر کو لپیٹ میں لینے والی ہے،شہرقائد میں سردی کی نئی اور شدید لہر کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں آئندہ دنوں کے دوران درجۂ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ذہن نشین رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، مری میں برفباری کی وجہ سے جڑواں شہروں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ۔















