حکومت اورتحریک انصاف میں مذاکرات ناکام، اسلام آباد کے 3 مقامات پر دھرنا جاری

0
6

اسلام آباد میں حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ، تحریک انصاف کے رہنماؤں کا تین مختلف مقامات پر دھرنا ۔ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو ذاتی معالج تک رسائی دینے کا مطالبہ کردیا۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا۔ اپوزیشن نے بانی عمران خان کو ذاتی معالج تک رسائی دینے کے مطالبے پر اسلام آباد کے تین مختلف مقامات پر دھرنا دے دیا۔
وفاقی وزیر طارق فضل چودھری اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو قائل نہ کر سکے، جس کے بعد پارلیمنٹ کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کر دیے گئے۔ ریڈ زون میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، داخلی راستے بند اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی، قیدی وینز بھی موقع پر موجود ہیں۔
اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے حکومت کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا وہ پارلیمنٹ کی آزادی کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں اور کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ جب تک یہ مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، اپوزیشن کا دھرنا جاری رہے گا ۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اندر داخل ہونے سے روکے جانے پر اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس کے دروازے پر ہی دھرنا دے دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر دروازے بند کیے گئے تو پارلیمنٹ کے سامنے ہی احتجاج جاری رہے گا۔
ادھر پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے واضع کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ عمران خان کو فوری ہسپتال منتقل کیا جائے اور فیملی کی تجویز کردہ جگہ پر علاج کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ماحول کو نارمل کرنا حکومت کے ہاتھ میں ہے۔

Leave a reply