کیاسال کا پہلا سورج گرہن17 فروری کو پاکستان میں نظر آئے گا؟

0
5

سال کا پہلا سورج گرہن کب ہوگا؟کیا سال کا پہلا سورج گرہن پاکستان میں نظر آئے گا؟دلچسپ اور حیرت انگیز تفصیلات سامنے آ گئیں۔
ماہرین فلکیات کے مطابق رواں سال کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو آ رہا ہے، تاہم یہ پاکستان سمیت ایشیا کے زیادہ تر ممالک میں دکھائی نہیں دے گا۔
سپیس ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق یہ گرہن انٹارکٹکا میں دور افتادہ حصے میں دکھائی دے گا اور سورج آگ کے ایک گولے کی طرح نظر آئے گا۔ا یسا اُس وقت ہو گا جب چاند اپنے بیضوی مدار میں عین سورج کے سامنے آ جائے گا۔
ماہرین کے مطابق چاند مکمل طور پر سورج کو ڈھانپ نہیں پاتا، اس لیے سورج کی کرنیں سرخی مائل دکھائی دیں گی اور چاند کا سایہ سورج پر پھیلتا چلا جائے گا اور سورج بھی ایک روشن چاند کی مانند نظارہ پیش کرے گا۔ اس سے اگلے مرحلے میں رنگ آف فائر کا منظر ابھرے گا اور یہ اس وقت ہو گا، جب چاند سورج کے عین سامنے ہو گا۔
ماہرین کے مطابق اس وقت آسمان قدرے تاریک ہو جائے گا اور سورج کا بیرونی کنارہ سنہری حلقے کی طرح نظر آئے گا اور یہ منظر انٹارکٹکا کے مختلف حصوں میں دکھائی دے گا اور تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہے گا، اس کے بعد سنہری حلقہ دھیرے دھیرے ختم ہونا شروع ہو جائے گا۔اسی طرح تیسرے مرحلے میں چاند سورج کے سامنے سے ہٹنا شروع ہو جائے گا اور آخری مرحلے میں مکمل طور پر سامنے سے ہٹ جائے گا۔اس کے تقریباً دو ہفتے بعد تین مارچ کو بھی آسمان پر چاند سرخ مائل دکھائی دے گا، جس کو بلڈ مون کہا جاتا ہے، یہ بھی سال کا پہلا بلڈ مون ہو گا اور شمالی امریکا، مشرقی ایشیا اور آسٹریلیا میں نظر آئے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ سال کے پہلے سورج گرہن کا منظر انٹارکٹکا کے چند علاقوں میں دکھائی دے گا ،تاہم ماہرین ِ فلکیات نے خبردار کیا ہے کہ اس کو براہ راست دیکھنا بینائی کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے ،اس لیے اگر کوئی دیکھنا بھی چاہے، تو اس کیلئے خصوصی چشمے یا سولر فلٹر استعمال کرے۔

Leave a reply