رمضان المبارک میں عمرہ ویزہ کیسے حاصل کریں؟ سہولیات اور ہدایات

0
9

رمضان میں عمرہ ویزہ کیسے حاصل کریں؟ آمد سے روانگی تک سہولیات اور ہدایات،یوں تو سارا سال عمرہ جاری رہتا ہے، تاہم رمضان المبارک میں دنیا بھر سے کثیر تعداد میں معتمرین عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے حجازِ مقدس کا رخ کرتے ہیں، کیونکہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ رمضان کی مبارک ساعتیں حرمین شریفین میں گزاریں۔
ماہ صیام میں عمرہ ویزہ کیسے حاصل کریں؟ اس سلسلے میں سعودی عرب نے عمرہ ویزہ حاصل کرنے کیلئے کئی ذرائع فراہم کیے ہیں، جن میں سعودی وزارت ِخارجہ کا الیکٹرانک ویزہ پلیٹ فارم، منظور شدہ بیرونی ایجنٹس اور نسک پلیٹ فارم شامل ہے، جو لائسنس یافتہ سروس فراہم کنندگان کے ذریعے مکمل پیکیجز پیش کرتا ہے۔
مسلم امہ کیلئے منظور شدہ قوانین کے مطابق عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کی اجازت ہے۔مسجد الحرام جانے سے پہلے نسک ایپ کے ذریعے سرکاری اجازت نامہ حاصل کرنا ایک بنیادی شرط ہے، یہ ایپ عمرہ اور ریاض الجنۃ میں نماز کیلئے وقت کی بکنگ، الیکٹرانک انٹری کوڈ کا اجرا، اوقات کی یاد دہانی کے ساتھ رش کے اوقات اور پر ہجوم مقامات کی نشاندہی فراہم کرتی ہے۔
اس میں موجود متعدد زبانوں کی سہولت کیساتھ معتمرین عمرہ کو موثر طریقے سے منظم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ٹرانزٹ ویزہ مخصوص شرائط کے تحت 96 گھنٹوں تک قیام اور عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دیتا ہے، جبکہ عمرہ ویزہ رکھنے والے اپنی مدتِ میعاد کے دوران مملکت کے تمام علاقوں میں آزادی سے گھوم پھر سکتے ہیں۔
شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مکہ مکرمہ کے درمیان ٹرانسپورٹ کے ذرائع حرمین ایکسپریس ٹرین، بسوں، ٹیکسیوں اور اسمارٹ ٹرانسپورٹ ایپس کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔اسی طرح مدینہ منورہ کیلئے ٹرین، ہوائی جہاز یا بسوں کے ذریعے سفر کو آسان بنایا گیا ہے، جس سے دونوں مقدس شہروں کے درمیان نقل و حرکت میں روانی پیدا ہوتی ہے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں خدمات کا ایک ایسا نظام موجود ہے، جس میں دستی اور الیکٹرک وہیل چیئرز، رہنمائی اور فوری ترجمے کے مراکز،نسک کے ذریعے ریاض الجنۃ کی زیارت کی تنظیم، سامان رکھنے کے مراکز، آبِ زمزم کی فراہمی اور ڈیجیٹل گائیڈنس پلیٹ فارمز شامل ہیں ،جو زائرین کے آرام اور سلامتی کو یقینی بناتے ہیں۔

Leave a reply