رواں سال اپریل2026 میں پنجاب ایئرلائنز شروع کرنے کا اعلان

پاکستانی فضائی مسافروں کیلئے خوشخبری،حکومت نے رواں سال اپریل میں پنجاب ایئرلائنز شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
پنجاب حکومت نے ایک ماہ بعد رواں سال اپریل میں اپنی فضائی سروس ’’پنجاب ایئرلائنز‘‘ کے آغاز کا منصوبہ تیار کر لیا ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ایئرلائن ابتدائی طورپرسات مسافر طیاروں کے ساتھ آپریشن شروع کرے گی اور پہلے دو سال صرف اندرونِ ملک پروازیں چلائے گی بعد ازاں بین الاقوامی روٹس کا آغازکیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا موجودہ سرکاری ہیلی کاپٹرایئرلائن کے بیڑے کا پہلا اثاثہ ہوگا، ایئرلائن کے قیام کے بعد وزیراعلیٰ بھی اسی سروس کے طیاروں میں سفرکریں گی اوران کیلئے علیحدہ خصوصی طیارہ نہیں خریدا جائے گا، صوبائی وزرا اورسرکاری حکام بھی پنجاب ایئرلائنز کے ذریعے سفرکریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایک جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے، تاکہ ایئرلائن کے قیام سے صوبائی خزانے پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ موجودہ اور نئے شامل کیے جانے والے طیارے مکمل طور پر منافع بخش بنیادوں پر چلائے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جب وزیراعلیٰ پنجاب کسی پرواز میں سفر کریں گی، تو وہ مسافروں کے ساتھ ہی سفر کریں گی اور مکمل کرایہ ادا کیا جائے گا۔حکومت کا موقف ہے کہ پنجاب ایئرلائنز صوبے میں فضائی سفری سہولیات میں بہتری اور مسابقت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔















