سموگ کنٹرول کیلئے 3 ارب سے 30 جدید فوگ کینن نصب کرنے کا فیصلہ

0
12

پنجاب حکومت نے سموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے 3 ارب روپے کی لاگت سے 30 جدید فوگ کینن الیکٹرک ٹرکوں پر نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا ، جو بڑے شہری اور صنعتی علاقوں میں گردوغبار کم کرنے میں مدد دیں گے۔
یہ اقدام صوبائی حکومت کی جامع کلین ایئر اور کلائمیٹ ریزیلینٹ حکمت عملی کا حصہ ہے ،جس کا مقصد فضائی آلودگی میں کمی اور ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔جدید فوگ کینن منصوبہ خاص طور پر آلودگی سے متاثرہ شہروں میں موثر کردار ادا کرے گا اور ہوا میں موجود مضر ذرات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
لاہور ایئر امپروومنٹ فریم ورک کے تحت 2 ارب 25 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے ذریعے صاف ہوا کیلئے مربوط پروگرام شروع کیا جائے گا۔ پہلی بار سپر سٹیشن سسٹم کے ذریعے لاہور میں فضائی آلودگی کے ذرائع کی ریئل ٹائم نشاندہی ممکن ہوگی، جبکہ ’’ون سٹی ون پالیسی‘‘ ماڈل کے تحت جدید ایئر کوالٹی گورننس نافذ کی جائے گی۔
پنجاب بھر میں 50 سے زائد جدید ایئر کوالٹی مانیٹرز نصب کیے جا چکے ہیں اور آٹومیٹڈ کوالٹی ایشورنس سسٹم متعارف کروایا گیا ہے، تاکہ ڈیٹا کی شفافیت اور درستگی یقینی بنائی جا سکے۔ صنعتی اخراج پر موثر کنٹرول کیلئے ڈیجیٹل ماحولیاتی مانیٹرنگ سسٹم بھی فعال کیا جا رہا ہے۔بلاشبہ ان اقدامات سے نا صرف سموگ میں کمی آئے گی، بلکہ عوامی صحت کے تحفظ اور پائیدار ماحولیاتی بہتری کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

Leave a reply