
پنجاب حکومت نے نئی گندم کی خریداری کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں، اور اس سلسلے میں اپریل کے پہلے ہفتے سے باقاعدہ مہم شروع کی جائے گی۔
حکام کے مطابق 11 کمپنیوں کے ذریعے مجموعی طور پر 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم کسانوں سے خریدی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں خریداری کا آغاز جنوبی پنجاب سے ہوگا، جبکہ حاصل شدہ گندم کو بعد ازاں سرکاری گوداموں میں محفوظ کیا جائے گا۔
سرکاری خریداری اسکیم کے تحت 11 فلار ملز اور کمپنیوں نے مقامی اور بین الاقوامی ٹریڈرز کی ٹیکنیکل بولی میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ان پری کوالیفائیڈ کمپنیوں نے مالی بولیاں بھی جمع کرا دی ہیں، جنہیں آئندہ چند روز میں کھولا جائے گا۔پنجاب حکومت نے ان کمپنیوں کے لیے 25 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ فلار ملز اور ٹریڈرز کسانوں سے براہ راست کھیتوں سے 3500 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدیں گے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے کسانوں کو بروقت ادائیگی ممکن ہوگی اور مارکیٹ میں استحکام پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔















