بینکوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کے لیے جامع گائیڈ لائنز تیار

0
3

اسٹیٹ بینک نے بینکنگ سیکٹر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کے لیے جامع گائیڈ لائنز تیار کر لی ہیں، جن پر حتمی منظوری کے بعد عملدرآمد ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بینکنگ سیکٹر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کے لیے جامع گائیڈلائنز تیار کر لی گئی ہیں، جن کا مقصد صارفین کو جدید اور بہتر خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ممکنہ خطرات کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ نے بتایا کہ اے آئی بینکنگ صارفین کو جدید اور مؤثر سروسز دینے کا بہترین ذریعہ ہے، جس سے ملکی بینکنگ سیکٹر کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے بھی واضح رہنما اصول مرتب کیے گئے ہیں، اور گائیڈلائنز کی حتمی منظوری کے بعد بینکنگ سیکٹر میں ان پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر سسٹمز لمیٹڈ کے سی سی او آصف پیر نے کہا کہ پاکستان کو تیزی سے انٹیلیجنٹ بینکنگ کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے اور وہ دنیا بھر کی جدید ترین ٹیکنالوجی ملک میں لانا چاہتے ہیں۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت محض ایک ٹول ہے، یہ بذاتِ خود مکمل ٹرانسفارمیشن نہیں ہے۔آصف پیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پائیدار ترقی کے لیے مضبوط “ٹرسٹ اکانومی” بنانا ناگزیر ہے جبکہ اچھی گورننس کا مطلب محض کاغذی چیک لسٹ پوری کرنا نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں روایتی بینکنگ کا عمل انتہائی سست ہوا کرتا تھا، لیکن اب دنیا بھر میں اور مستقبل میں صرف وہی بینک ترقی اور کامیابی حاصل کریں گے جو صارفین کے زیادہ قریب ہوں گے۔

Leave a reply