اے آئی سے پرائیویسی کا تحفظ ،سکرین شاٹس بلاکنگ کا فیچر متعارف

پیغام رسانی کی مقبول ایپ سگنل نے صارفین کی نجی معلومات کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے محفوظ رکھنے کے لیے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر اسکرین شاٹس کی پابندی کا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
سگنل کی صدر میریڈیتھ وٹیکر کے مطابق اسمارٹ فونز اور کمپیوٹرز کے آپریٹنگ سسٹمز میں شامل مصنوعی ذہانت کے فیچرز صارفین کی اسکرین پر دکھائی دینے والی معلومات کا تجزیہ کرسکتے ہیں۔ ان میں پیغامات، دستاویزات اور دیگر نجی مواد بھی شامل ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے فیچرز صارفین کی ذاتی معلومات تک رسائی کے باعث ڈیجیٹل پرائیویسی کے لیے نئے سوالات پیدا کررہے ہیں۔
میریڈیتھ وٹیکر کے مطابق سگنل صارفین کی گفتگو کو نجی رکھنے کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن فراہم کرتا ہے، تاہم آپریٹنگ سسٹم کی سطح پر کام کرنے والے اے آئی ٹولز اس تحفظ سے الگ طریقے سے کام کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں ایپ کے اندر محفوظ گفتگو بھی اس وقت رازداری کے خدشات سے دوچار ہوسکتی ہے جب کوئی اے آئی فیچر اسکرین پر موجود مواد کا جائزہ لے۔ انہوں نے صارفین کو خبردار کیا کہ اے آئی فیچرز استعمال کرتے وقت پرائیویسی کے پہلوؤں کو بھی مدنظر رکھیں، کیونکہ صرف کسی میسجنگ ایپ کی انکرپشن ہی پورے ڈیجیٹل نظام میں مکمل رازداری کی ضمانت نہیں دیتی۔















