ایڈم زمپانےآئی پی ایل چھوڑکرپی ایس ایل جوائن کرنےکی وجہ بتادی

آسٹریلیا کے اسٹار اسپنر ایڈم زمپا نےآئی پی ایل چھوڑکرپاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جوائن کرنےکی وجہ بتادی۔
کراچی کنگز کے اسکواڈ میں شامل آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق معاوضہ نہیں مل رہا تھا۔
ایک مقامی اسپورٹس پلیٹ فارم کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل کافی طویل ٹورنامنٹ ہے اور وہاں انہیں اپنی مہارت کے حساب سے وہ معاوضہ نہیں دیا جا رہا تھا جو دیگر کھلاڑیوں کو مل رہا تھا، اسی لیے اس لیگ کو جاری رکھنا ان کے لیے مناسب فیصلہ نہیں تھا۔
ایڈم زمپا نے بتایا کہ آئی پی ایل چھوڑنے کے بعد وہ ابتدائی طور پر کرکٹ سے وقفہ لینے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم اچانک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کا موقع ملا جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کچھ بہت تیزی سے ہوا اور وہ اس تجربے کو خوب انجوائے کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز میں شامل ہونے کے بعد ایڈم زمپا نے اپنی کارکردگی سے متاثر کیا ہے اور پی ایس ایل کے معیار کو بھی سراہا ہے۔
انہوں نے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین بولر ہیں اور ان کی ہر گیند میں کچھ خاص کرنے کی صلاحیت نظر آتی ہے۔














