آمنہ انعام کی پاکستان آمد، فیشن حلقوں میں خوشی کی لہر

0
14

بین الاقوامی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر اور اسٹائلسٹ آمنہ انعام پاکستان پہنچ گئی ہیں، جہاں وہ مختلف ثقافتی، سماجی اور فلاحی تقریبات میں شرکت کر رہی ہیں۔

ان کی آمد پر فیشن، شوبز اور سماجی حلقوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ نوجوان فیشن ڈیزائنرز اور ماڈلز کیلئے انہیں ایک متاثر کن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

آمنہ انعام گزشتہ چند برسوں کے دوران عالمی فیشن انڈسٹری میں اپنی منفرد شناخت بنا چکی ہیں۔ وہ لندن فیشن ویک، پیرس فیشن ویک، میلان فیشن ویک اور دبئی فیشن ویک سمیت دنیا کے معروف فیشن پلیٹ فارمز پر اپنے ملبوسات کی کامیاب نمائش کر چکی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق انہیں نیویارک فیشن ویک میں بہترین کارکردگی کا ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے، جبکہ ان کے ڈیزائنز کو پاکستان ایمبیسی کی جانب سے بھی سراہا گیا۔

معروف اداکار عمران عباس، بھارتی گلوکار گرو رندھاوا اور مس یونیورس ہرناز سندھو سمیت کئی معروف شخصیات ان کے ملبوسات کی ماڈلنگ کر چکی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آمنہ انعام نے کہا کہ پاکستان بے پناہ ٹیلنٹ رکھنے والا ملک ہے اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے عالمی سطح پر آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے ڈیزائنز میں پاکستانی ثقافت، روایتی رنگوں اور مشرقی و مغربی طرز کے حسین امتزاج کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتی ہیں تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص سامنے آ سکے۔

فیشن ماہرین کے مطابق آمنہ انعام کی کامیابیاں پاکستانی فیشن انڈسٹری کیلئے باعثِ فخر ہیں، جبکہ ان کی بین الاقوامی سطح پر کامیاب نمائندگی سے پاکستانی ڈیزائنز کو عالمی مارکیٹ میں مزید پہچان مل رہی ہے۔

Leave a reply