بچوں کو رٹا سسٹم سے نکالنے والا نیا اے آئی ٹیوٹر متعارف

ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نیا اے آئی ٹیوٹر سامنے آیا ہے جو طلبہ کو رٹا لگانے کے بجائے سمجھ کر سیکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ تعلیمی نظام میں اکثر طلبہ کو معلومات یاد کرنے پر زیادہ زور دیا جاتا ہے، جس کے باعث ان کی تنقیدی اور تخلیقی صلاحیتیں متاثر ہوتی ہیں، تاہم اب جدید اے آئی ٹولز اس طرزِ تعلیم کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ نیا اے آئی ٹیوٹر سوالات کے ذریعے طلبہ کی رہنمائی کرتا ہے تاکہ وہ خود سوچ کر مسائل حل کریں اور سیکھنے کے عمل کو بہتر بنا سکیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برلینٹ کی بانی سو کھم نے ایک ایسا گرافیکل اے آئی ٹیوٹر تیار کیا ہے جو بچوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اے آئی کا مقصد طلبہ کو کمزور بنانا نہیں بلکہ انہیں زیادہ ذہین اور خود مختار بنانا ہونا چاہیے۔
اس اے آئی ٹیوٹر کی خاص بات یہ ہے کہ اسے سقراطی تدریسی طریقہ کار (Socratic Method) کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں طلبہ کو براہ راست جواب دینے کے بجائے سوالات کے ذریعے سیکھنے کی طرف رہنمائی کی جاتی ہے۔















