عید پر گوشت مانگنے کے بہانے ڈکیتی کرنے والے باپ بیٹے گرفتار

0
5

 عید کے روز گھروں میں “گوشت مانگنے والوں” کا روپ دھار کر ایک کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کرنے والے باپ بیٹے کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر ہونے والی ہائی پروفائل واردات کو پولیس نے ٹریس کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

ڈیفنس سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو سگے باپ بیٹے کو ٹبہ گوہاوا اور بھٹہ چوک سے گرفتار کیا، جن کی شناخت جوزف مسیح اور جمشید ساگر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے واردات کی منصوبہ بندی مل کر کی اور عید کے دن ڈیفنس کے پوش علاقوں میں گھروں کے باہر “گوشت مانگنے” کے بہانے ریکی کرتے رہے۔

ملزمان گھروں کی گھنٹیاں بجا کر یہ جانچتے تھے کہ اندر کوئی موجود ہے یا نہیں، اور جن گھروں سے کوئی جواب نہ ملتا انہیں نشانہ بنایا جاتا تھا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم جوزف مسیح متعدد مقدمات میں پہلے بھی ملوث رہا ہے جن میں چوری، ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ اور نقب زنی کے کیسز شامل ہیں۔

پولیس نے ملزمان سے طلائی زیورات، قیمتی گھڑیاں اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی ہے، جن کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔

مزید تفتیش جاری ہے اور پولیس کے مطابق گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کا سراغ لگانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔

Leave a reply