حکومت کا چھوٹے دکانداروں کیلئے فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ

0
9

حکومت نے چھوٹے دکانداروں کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کرا دی ہے، جس کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت ٹیکس اصلاحات کے ذریعے شرح میں اضافہ کرنے کے بجائے بوجھ کم کرنے اور نظام کو آسان بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ سال سیلاب اور خطے کی کشیدہ صورتحال کے باوجود ملکی معیشت مستحکم رہی اور تمام چیلنجز کا سامنا مقامی وسائل کے ذریعے کیا گیا، جس سے معیشت میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے تیار کی گئی فکسڈ ٹیکس اسکیم تاجر تنظیموں کی مشاورت سے تشکیل دی گئی ہے، جس کا اطلاق ان دکانداروں پر ہوگا جن کا سالانہ کاروبار 20 کروڑ روپے یا اس سے کم ہے۔ تاہم دکاندار موجودہ ٹیکس نظام میں رہنے کا اختیار بھی رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت شامل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے خصوصی شناختی پلیٹ جاری کی جائے گی، جس میں دکان کی معلومات، این ٹی این اور دیگر تفصیلات درج ہوں گی، جبکہ کیو آر کوڈ کے ذریعے انسپکشن اور تصدیق ممکن ہوگی۔

بلال اظہر کیانی کے مطابق اسکیم میں شامل تاجروں کو معمول کے آڈٹ سے استثنا حاصل ہوگا، جبکہ خصوصی آڈٹ کی صورت میں تاجر تنظیموں سے مشاورت لازمی ہوگی۔ اس مقصد کے لیے ایک باقاعدہ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں لاکھوں چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ایک اہم پیش رفت ہے اور یہ اسکیم وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نافذ کی جا رہی ہے، جسے ایف بی آر اور تاجر برادری کے تعاون سے حتمی شکل دی گئی ہے۔

Leave a reply