
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ غصے سے بپھری عوام خود نکلی تو اس کے نتائج بہت بھیانک ہوں گے۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے راولپنڈی میں گورکھپور فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا خیبر پختونخوا اور پنجاب کے عوام سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں، لوگ اب باہر نکلے تو ہر معاملہ ہاتھ میں لیں گے۔
علیمہ خانم کا کہنا تھا کہ ملک میں سسٹم مکمل طور پر کرپٹ اور تباہ ہو چکا ہے، لوگ شدید غصے میں ہیں اور اگر وہ اس بار سیاسی قیادت کے بغیر خود سڑکوں پر نکل آئے تو نتائج بہت بھیانک اور خطر ناک ہوں گے۔
انہوں نے مشورہ دیا سیاسی جماعتوں کو اس پورے معاملے کو لیڈ کرنا چاہیے۔ اس وقت ضروری ہے کہ اس سیاسی نظام کو بانی پی ٹی آئی خود لیڈ کریں۔
میڈیا گفتگو کے دوران جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ “بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا ہے، اس پر آپ کی کیا رائے ہے؟” تو علیمہ خانم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے کچھ نہیں کہنا چاہتیں اور انہیں اس بات کا علم نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے صرف ان حالات و واقعات کی نشان دہی کی ہے جو انہیں اس وقت سامنے نظر آ رہے ہیں۔















