
خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی بازگشت، بلاول بھٹو زرداری نے واضح کردیا کہ صوبے میں گورنر راج ہی آخری آپشن ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کا صوبائی اور ملکی سیاست میں کردار ہونا چاہیے، لیکن اس کے لیے تحریک انصاف کو انتہا پسندی کی سیاست چھوڑنا ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ منفی سیاست کے راستے پر چل رہا ہے۔ چند روز قبل وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے تیار تھی۔
انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کی سیاست سے پورے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے، تاہم اس کا سب سے زیادہ نقصان خود تحریک انصاف کو ہو رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ واقعی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مخلص ہیں تو انہیں انتہا پسندی کی سیاست چھوڑ دینی چاہیے۔اب سوال یہ ہے کہ کیا خیبرپختونخوا میں سیاسی کشیدگی کم ہوگی یا گورنر راج کا معاملہ مزید شدت اختیار کرے گا؟















