
اسلام آباد میں فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی سٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز سے اسلام آباد میں جمہوریہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیز نے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، موجودہ علاقائی سلامتی کے ماحول اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے راستوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو اجاگر کیا اور پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تعمیری روابط کے ذریعے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔
اس موقع پر مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستانی مسلح افواج کی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔
انہوں نے خطے میں قیامِ امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں اور گراں قدر خدمات کو بھی سراہتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔















