مکلی قبرستان: 10 لاکھ قبروں کا شہر خموشاں

رپورٹ: مومنہ انصاری
0
114

سندھ کے شہر ٹھٹہ سے ۱۰ کلومیٹر کے فا صلے پر سنسان مقام پر موجود ایک ایسی تاریخی جگہ واقع ہے جس سے بیشتر لوگ بےخبر ہیں۔ مکلی کا شہر خموشاں دنیا کے سب سے بڑے قبرستانوں میں شمارکیا جاتا ہے۔اسکا رقبہ بارہ مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔
چودھویں صدی میں تعمیر ہونے والے اس تاریخی مقام کویونیسکو نے انیس سو اکیاسی میں ورلڈ ہیریٹج سائٹ میں شامل کیا تھا۔ یہاں درجنوں ایسے مقبرے ہیں، جن پر پتھر اور لکڑی کا دیدہ زیب کام کیا گیا، جو اپنی جگہ ایک شاہکار ہے۔
مکلی قبرستان کے تاریخی مقبروں میں مرزا عیسٰی ترخان ثانی، مرزا جان بابا، مرزا طغرل بیگ،جام نظام الدین، قابل ذکر ہیں۔ تاریخی روایات کے مطابق چودھویں صدی عیسوی میں ایک صوفی درویش ”شیخ جمال اس ویرانے میں درویشوں کی محفل سجایا کرتے تھے، جہاں تصوف کی باتیں اور ذکر اذکار ہوتا تھااور پھر مرنے کے بعد شیخ جمالی کو یہاں دفن کیا گیا۔ ان کے مرنے کے بعد کئی بادشاہ اور علاقے کے نامور لوگ اس برزگ کے ساتھ مدفون ہونا پسند کرتے تھے۔ یوں یہ جگہ قبرستان کی شکل اختیار کرتی گئی۔
اس تاریخی قبرستان میں ایک اندازے کے مطابق دس لاکھ سے زائدانسان آسودہ خاک ہیں۔ اس شہر خموشاں میں بادشاہ، صوفی، تاریخ دان، علم و فن سے وابستہ شخصیات سمیت سیکڑوں ایسے لوگ مدفون ہیں، جن کا اپنے زمانے میں ایک نام تھا۔ اس قبرستان کا نام دنیا کے عظیم تاریخی ورثوں میں شمار ہوتا ہے۔

Leave a reply