پاکستانیوں سمیت دنیا بھر سے کتنے سیاحوں نے ترکیہ کا رخ کیا؟

0
25

پاکستانیوں سمیت دنیا بھر سے کتنے کروڑ سیاحوں نے ترکیہ کا رخ کیا؟ایک سال کےدوران ترکیہ کو سیاحت سے کتنے ارب ڈالر کی آمدن ہوئی؟ترکیہ کے سرکاری سیاحتی ادارے نے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دئیے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران ترکیہ میں عالمی سطح پر سیاحت کیلئے آنیوالے بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد 9.8 فیصد اضافے سے 6 کروڑ 22 لاکھ سے تجاوز کرگئی ، جبکہ کورونا دور سے قبل2019 کے مقابلے میں سیاحوں کی ترکیہ آمدمیں 20.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے، جن میں ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد پاکستانی سیاح بھی شامل ہیں۔
ترکیہ کے سرکاری سیاحتی ادارے کے مطابق بین الاقوامی سیاحوں کی آمد و رفت، قیام و طعام اور سیر و سیاحت سے ترکیہ کو 61.1 ارب ڈالر کا ریونیو حاصل ہوا ،جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.3 فیصد زیادہ ہے۔یوں مجموعی طور پر 2024 ترکیہ میں سیاحت کیلئے سب سے کامیاب سال رہا۔
یورپ، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا بدستور ترکیہ کی سب سے بڑے مراکز ہیں، جبکہ امریکا، بھارت اور چین سے آنیوالے سیاحوں کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔اگرچہ روس، جرمنی اور برطانیہ کے سیاح ترکیہ کے تین سب سے بڑے مراکز ہیں، تاہم امریکا سے آنیوالے سیاحوں کی تعداد 8.1 فیصد اضافہ ہوا ہے،جبکہ چین سے آنیوالے سیاحوں کی شرح میں 65.1 فیصد کا غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر ترکیہ آنیوالے سیاحوں نے اس خوبصورت سیاحتی ملک میں اوسطاً 10.7 دن گزارے اور یوں ترکیہ کو فی سیاح سے حاصل ہونیوالی آمدنی 972 امریکی ڈالر رہی۔
اقوام متحدہ کے ادارے یو این ٹوارزم کے مطابق ترکیہ 2023 سے دنیا کے صف اول کے ان پانچ ممالک میں شامل ہے، جہاں سب سے زیادہ سیاح رخ کرتے ہیں۔

Leave a reply