بلوچستان:چاغی میں سونے اور تانبے کے ذخائر دریافت

0
92

بلوچستان کے علاقے چاغی میں سونے اور تانبے کے ذخائر دریافت،نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) نے چاغی بلوچستان میں سونے اور تانبے کے ذخائر کی دریافت کا اعلان کردیا۔
این آر ایل 100 فیصد نجی ملکیت کی پاکستانی کمپنی ہے، جو فاطمہ فرٹیلائزر، لبرٹی ملز لمیٹڈ اور لکی سیمنٹ کی سبسڈری ہے۔ کمپنی کو اکتوبر 2023 میں ایکسپلوریشن لائسنس دیا گیا تھا۔
این آر ایل کے چیئرمین محمد علی ٹبہ کا کہنا ہے کہ 500 کلومیٹر پر محیط لائسنس یافتہ علاقہ میں قیمتی معدنیات کے ذخائر کی موجودگی کے امکانات کے تحت گزشتہ 18 ماہ میں 16 ممکنہ ذخائر کی نشاندہی کی گئی جن میں سے تانگ کور کے مقام پر ایڈوانس ڈرلنگ کا کام شروع کیا جاچکا ہے۔
این آر ایل اب تک 13 ڈائمنڈ ڈرل ہولز (3517 میٹر) مکمل کرچکی ہے، جن میں تمام ڈرل ہولز میں معدنیات کے ذخائر کا پتا چلتا ہے۔ ابتدائی 6 ڈرل ہولز (1500 میٹر) کے تجزیاتی نتائج سے زمین کی سطح کے قریب مضبوط معدنیاتی زونز کی تصدیق ہوتی ہے۔
ابتدائی ڈرلنگ کے نتیجے میں حاصل ہونیوالے نتائج کے مطابق ڈرل ہولز میں تانبا 0.23 فیصد سے 0.48 فیصد، سونا 0.09 گرام فی ٹن سے 0.14 گرام فی ٹن اور چاندی 1.30 گرام فی ٹن سے 6.21 گرام فی ٹن تک ہے ،جو مشترکہ طور پر تانبے کے 0.28 فیصد سے 0.56 فیصد کے ذخائر کے برابر ہے۔

Leave a reply