پاکستان نےانتہائی مہارت، تحمل اور درستگی سے جواب دیا،ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہےکہ الحمداللہ، افواج پاکستان نےقوم سے کیا گیا وعدہ نبھایا، پاکستان نےانتہائی مہارت، تحمل اور درستگی سے جواب دیا۔
ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر نے ائیرفورس اور نیوی افسران کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ الحمداللہ، افواج پاکستان نےقوم سے کیا گیا وعدہ نبھایا، پاک فوج نے آپریشن’’ بنیان مرصوص‘‘ میں پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والے 26 ملٹری ٹارگٹس کو نشانہ بنایا، اُڑی نیٹ ورکس سٹیشن اور پونچھ راڈار کو نشانہ بنایا، اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے فتح سے نوازا۔وزیراعظم اور وزرا کے مشکور ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں اہم فیصلے کیے۔
ترجمان پاک فوج نےبتایاکہ پاک فوج نے اپنی قوم سے تین چیزوں کا وعدہ کیا تھا، ہم نے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان کا جواب بھرپور ہوگا، ہم نے قوم سے کہا تھا کہ ہمارے جواب کا وقت، مقام اور طریقہ ہم خود طے کریں گے، ہم نے کہا تھا جب ہم جواب دیں گے تو صرف انڈین میڈیا نہیں پوری دنیا کے میڈیا کو اس کا پتہ ہوگا۔ پاکستانی افواج اپنے غیور اور بہادر عوام کاشکریہ ادا کرتی ہیں۔ 6 اور7 مئی کو بھارتی جارحیت سے بچوں اور خاتون سمیت معصوم افراد شہید ہوئے، بھارت نے آزاد کشمیر کی سویلین آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا،ہمارے دل اور ہمدردیاں شہدا کے اہلخانہ کےساتھ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آرکامزیدکہناتھاکہ بھارت نے جارحیت کرکے بےگناہ پاکستانیوں کا خون بہایا، بھارت کی جانب سے ڈرون کے ذریعے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی، وطن کے دفاع میں جان دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایاکہ پاکستان کےخلاف آپریشن کرنے والی تمام جگہوں پر پاکستان نے جواب دیا، پاکستان نے بھارت کے 26 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستانی عوام پر حملہ کیا گیا تھا۔ ہم نے سورت گڑھ، سرسہ، آدم پور، اونتی پورہ میں اہداف کو نشانہ بنایا۔ اودھم پور، پٹھان کوٹ میں بھی اہداف کو نشانہ بنایاگیا۔2 مقامات پربھارت کے ایس 400 بیٹری سسٹم کوکامیابی سے نشانہ بنایا، آدم پور اور بوج میں ایس400 نظام کو نشانہ بنایا گیا، کےجی ٹاپ اور نوشہرہ میں موجود 10 بریگیڈ اور 80 بریگیڈ کی کمانڈ تنصیبات کو بھی تباہ کیا گیا،یہ وہ تنصیبات ہیں جہاں سے بلا اشتعال فائرنگ کرکےمعصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ عوام، جوانوں اور سیاسی قیادت کے شکرگزار ہیں جو ریاست کے ساتھ کھڑے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی وسیع ترٹیکنالوجی میں سےکچھ کا تحمل کے ساتھ استعمال کیا، اس طرح کی بیشمار ٹیکنالوجی کی صلاحیتیں مستقبل میں بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔لائن آف کنٹرول پران فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو آزادکشمیر میں معصوم شہریوں پر حملےکر رہے تھے۔ پاکستان نےانتہائی مہارت، تحمل اور درستگی سے جواب دیا، پاکستان پرحملہ کرنےوالی تمام جگہوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھاکہ بیاس اور نگروٹا میں براہموس میزائلوں کے اڈے پرحملہ کیا۔ پاکستانی افواج نے بھرپور سائبر حملے بھی کیے، بھارتی فوج کے زیر استعمال سسٹم کو مفلوج کیا، فتح گائیڈ میزائل ون اور 2 کو استعمال کیا گیا۔ مشرقی سرحد پر پاک فوج کی مصروفیت کے دوران کے پی اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے۔ جب بھی بھارت نے جارحیت کی، ہمارا ردعمل جامع، بھرپور اور فیصلہ کن ہوگا، کوئی بھارتی پائلٹ پاکستان کی حراست میں نہیں ہے، بھارت کو دیا گیا جواب بروقت اور تاریخی تھا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نےبتایاکہ پاکستان نے سیز فائر کی کوئی درخواست نہیں کی، جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی، پاکستان کی مسلح افواج کنٹرول لائن پر جنگ بندی پر سختی سے عمل پیرا ہیں،ہم ایک پیشہ ور فوج ہیں، ہم اپنے وعدوں پر پوری طرح عمل کرتے ہیں، فریق مخالف اگر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرےگا تو ہم جواب دیں گے اور ہمارا جواب بھرپور ہوگا، یقین دلاتا ہوں پاک فوج سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں کرے گی۔ بھارتی حملوں میں انفرا اسٹرکچر اور ایک ائیرکرافٹ کو نقصان پہنچا، جس ائیرکرافٹ کو معمولی نقصان ہوا وہ جلد آپریشنل ہوجائےگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک بار پھر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے، مسئلہ کشمیرکو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کی پوزیشن کلیئر ہے۔
پاک فضائیہ کابھرپورجواب:
پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمدکا کہنا تھا کہ بھارت نے ڈرون طیاروں سے پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ڈرونز سویلین کی جگہ آتے تھے تو اسے احتیاط سےگراتے تھے، پاکستان نے تمام ڈرونز اوربغیرپائلٹ طیاروں کا بروقت پتا لگایا۔
ائیروائس مارشل اورنگزیب احمد نےبتایاکہ پاک فوج نے بھارتی فوجی تنصیبات اور دہشت گردی کے تربیتی مراکز کو تباہ کیا، بھارتی فضائیہ کی جارحیت پر اس کے طیارے مار گرائے، پاک فضائیہ کو بھارت کی فضائیہ کے مقابلے میں 6 صفر سےکامیابی ملی۔براہموس میزائل کے حملےکو بھی ائیر ڈیفنس سسٹم نے ناکارہ بنایا، پاک فضائیہ نے اپنی بھرپورصلاحیتوں سے دشمن کو نشانہ بنایا۔
ائیروائس مارشل اورنگزیب احمد کا کہنا تھا کہ رافیل بہترین جنگی طیارہ ہے، اصل بات پائلٹ کی ٹریننگ ہوتی ہے۔ جے ایف17طیارے پاکستان کا فخر ہیں۔
پاک بحریہ کاکردار:
پاک بحریہ کے وائس ایڈمرل رب نواز کا کہنا تھا کہ دوران جنگ پاکستان نیوی بھارتی نیوی کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی، 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان نیوی بھی تیار تھی۔ پاکستان نیوی نے تمام بندرگاہوں کو آپریشنل رکھا، پاکستان کی سمندری حدود سے بھارتی جہاز 400 ناٹیکل میل دور تھا، پاکستان نیوی کو تیار دیکھ کردشمن کی آگے بڑھنے کی ہمت نہیں ہوئی۔
وائس ایڈمرل رب نواز کا کہنا تھا کہ سمندی حدود کی حفاظت نیوی کی ذمہ داری تھی،جس کوبخوبی پورا کیا گیا، نیوی نے اپنی بھرپور حکمت عملی کے تحت تجارتی بحری جہازوں کی بحفاظت آمدورفت کو یقینی بنایا۔
Leave a reply جواب منسوخ کریں
مزید دیکھیں
-
شہیدرینجرزاہلکاروں کی نمازجناز ہ اداکردی گئی
نومبر 26, 2024 -
عرب لیگ سربراہی اجلاس،وزیراعظم سعودی عرب پہنچ گئے
نومبر 11, 2024
اہم خبریں
سائنس/فیچر
پاکستان ٹوڈے ڈیجیٹل نیوز پر شائع ہونے والی تمام خبریں، رپورٹس، تصاویر اور وڈیوز ہماری رپورٹنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو پبلش کرنے سے پہلے اسکے مصدقہ ذرائع کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے، تاہم کسی بھی خبر یا رپورٹ میں ٹائپنگ کی غلطی یا غیرارادی طور پر شائع ہونے والی غلطی کی فوری اصلاح کرکے اسکی تردید یا درستگی فوری طور پر ویب سائٹ پر شائع کردی جاتی ہے۔