سیاحت کا نیا انداز:پنجاب میں ایکو ٹورازم نیٹ ورک کے قیام کا آغاز

0
4

سیاحت کا نیا انداز،پنجاب میں ایکو ٹورازم نیٹ ورک کے قیام کا آغاز،شمالی و جنوبی پنجاب میں سیاحت اور ورثے کی ترقی کیلئے تاریخ ساز منصوبے عالمی معیار کے ایکو ٹورازم نیٹ ورک کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ۔
مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں سب سے زیادہ رقم سیاحت اور آثارِ قدیمہ کے منصوبوں کیلئے مختص کی گئی ہے، جس کا مقصد نا صرف تاریخی ورثے کی بحالی، بلکہ مقامی و غیر ملکی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔پنجاب حکومت کی طرف سے پہلی مرتبہ سیاحت اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کو اپنی ترجیحات میں شامل کر لیا گیا۔
سیاحت کا فروغ ناصرف ماحولیات میں بہتری لائے گا، بلکہ بین الاقوامی سطح پر پنجاب کا مثبت امیج بھی اجاگر کرے گا۔اس منصوبے کے تحت شمالی اور جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں اہم ترقیاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں ملکہ کوہسار مری میں نئی چیئر لفٹ کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے، جبکہ کوٹلی ستیاں میں بھی چیئر لفٹ لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے،اسی طرح راجن پور، لیہ، ڈی جی خان، جہلم، گجرات، مظفرگڑھ اور ساہیوال کو سیاحتی مراکز میں تبدیل کرنے کے منصوبوں پر تیزی سے پیشرفت جاری ہے، نیزہڑپہ، ٹیکسلا اور بھیرہ جیسے قدیم تاریخی مقامات کو سیاحتی مراکز کے طور پر ترقی دینے کیلئے ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے۔
اس کے علاوہ دریائے سندھ کے کنارے داؤد خیل، میانوالی اور غازی گھاٹ میں عالمی معیار کی تفریح گاہوں کی تعمیراورروہتاس، جہلم اور شیخوپورہ کے تاریخی قلعوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا عمل بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

Leave a reply