کےپی اورکشمیرمیں شدیدبارشوں سےتباہی،4اضلاع آفت زدہ قرار،164 افرادجاں بحق

خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں کلاؤڈ برسٹ اور شدید بارشوں نے تباہی مچادی۔سیلابی ریلوں اورلینڈسلائیڈنگ کےباعث کےپی حکومت نے 4اضلاع کوآفت زدہ قراردےدیا،مختلف حادثات میں 164 افراد زندگی کی بازی ہار گئے15زخمی جبکہ متعددلاپتاہوگئے۔
ڈی سی بونیر کے مطابق پیر بابا اور دیگر علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال ہے، جس کی وجہ سے شہری گھروں کے چھتوں پر امداد کے منتظر ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مختلف علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ضلع میں 78 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔
ڈی سی کا کہنا تھا کہ بونیر پیربابا میں جس طرح نوجوانوں نے جان پر کھیل کر پنجاب سے آئی ہوئی فیملی کی جان بچائی اس کی مثال نہیں ملتی۔ طوفانی بارشوں سے نقصانات کا اندیشہ ہے، پیر بابا بازار کا ایک حصہ اور ایک محلہ پانی میں ڈوب رہا ہے، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے جبراڑئی میں گزشتہ رات آنے والے سیلابی ریلے کے باعث متعدد مکانات منہدم ہو گئے، جبکہ رابطہ سڑکیں اور پل بھی پانی میں بہہ گئے۔
حکام کاکہناہےکہ مختلف حادثات میں اب تک21افرادکی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ 7 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ تین زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، حادثے میں 4 مکان تباہ ہوگئے تاہم امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ڈی سی نے مزید بتایا کہ پہاڑی تودہ گرنے سے راستے بند ہوگئے تھے جنہیں پیدل مسافت سے عبور کیا گیا۔ ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری کے ذریعے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ فرنٹیئر کور نارتھ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرین کے لیے خیمے اور دیگر ضروری سامان پہنچایا، جس پر عوام نے خیر مقدم کیا۔
پرونشل ڈیزاسٹر مینجنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں كے دوران ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 146 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔
حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔ تیز بارشوں اور فلش فلڈ كے باعث سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بٹگرام ہیں جہاں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متاثر اضلاع میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو سیاحتی مقامات پر بند شاہراوں اور رابطہ سٹرکوں کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ضلع مانسہرہ کے علاقے بٹگرام میں رات گئےکلاؤڈ برسٹ سے متعدد افراد ریلے میں بہہ گئے۔ بٹگرام میں 7 افراد جاں بحق اور شانگلہ میں ایک شخص جان کی بازی ہارگیا۔
پولیس کے مطابق علاقے میں کئی مکانات تباہ اور بڑی تعداد میں مال مویشی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
خیبرپختونخواحکومت کاسوگ کااعلان:
خیبرپختونخواحکومت نےجانی نقصان پرکل صوبےبھرمیں سوگ منانےکااعلان کیاہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپورکاکہناہےکہ کل صوبےمیں قومی پرچم سرنگوں رہےگا۔
ادھر آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جس کے باعث ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی بارشوں کے بعد مختلف حادثات میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
آزاد کشمیر حکومت نے شدید بارشوں کے باعث دو روز کے لیے تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں۔