اسرائیل کادوحہ میں حملہ ،قطرکاجواب دینےکااعلان

دوحہ میں اسرائیلی حملے کے بعد قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نےردعمل دیتےہوئے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی حملے کے جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
قطر کے وزیراعظم شیخ محمدبن عبدالرحمان الثانی نےدوحہ میں اسرائیلی حملے کے بعدپریس کانفرنس میں حملےکوریاستی دہشت گردی قراردیااوراسرائیل کو پیغام دیا کہ ان کا ملک اس واقعے کو ہرگز نظر انداز نہیں کرے گا۔ وہ محض بیانات اور مذمتوں سے آگے بڑھ کر ردعمل دینے کے تمام ذرائع بروئے کار لا رہے ہیں اور اس سلسلے میں ایک قانونی ٹیم بھی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جا سکے۔
اُن کامزیدکہناتھاکہ ہمارا یقین ہے کہ آج ہم ایک فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئے ہیں اور ایسےوحشیانہ اقدامات کےخلاف پورےخطےسےجواب آناچاہیے۔ یہ واقعہ پورے خطے کو انتشار کی جانب دھکیل رہا ہے اور اسرائیلی وزیراعظم پورے خطے کو افراتفری میں مبتلا کر رہے ہیں۔
امیرقطرکاصدرٹرمپ سےٹیلی فونک رابطہ:
امیرقطرنےامریکی صدرڈونلڈٹرمپ کےساتھ ٹیلی فونک رابطےکے بعد اپنے بیان میں کہاہےکہ صدرٹرمپ نےقطرکی خودمختاری پرحملےکی شدیدمذمت کی،ٹرمپ نےقطرکےساتھ امریکی یکجہتی کااعادہ کیا۔
امیرقطرکاکہناتھاکہ اسرائیلی حملہ لاپروائی پرمبنی ایک مجرمانہ کارروائی تھی،سلامتی اورخودمختاری کےتحفظ کیلئےاقدامات کریں گے۔
دنیابھرکےمختلف ممالک کی قطرمیں اسرائیلی حملےکی مذمت:
سعودی ولی عہد محمدبن سلمان نےقطرپرحملےکی شدیدمذمت کرتےہوئےکہاکہ قطرکی سلامتی اورتحفظ کیلئےاقدامات کی حمایت کرتےہیں۔
ترک صدررجب طیب اردوان نےاسرائیلی حملہ جنگ بندی مذاکرات کوسبوتاژکرنےکی کوشش قراردیا۔
فرانس کے صدر ایمانوئیل میکروں نےبھی دوحہ پراسرائیلی حملےکی مذمت کی اور اسرائیلی حملےکوناقابل قبول قراردیا۔جنگ کو خطے میں پھیلنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے اسرائیلی حملےکی مذمت کی انہوں نےکہاکہ حملہ قطر کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہے اور اس سے خطے میں مزید کشیدگی کا خطرہ ہے۔
دوسری جانب پاکستان والجزائرکی درخواست پرسلامتی کونسل کااجلاس آج ہوگا۔
واضح رہےکہ گزشتہ روزاسرائیل نےقطرکےشہردوحہ میں حماس کے دفتر پر فضائی حملہ کیاتھاجس میں حماس کی اعلیٰ قیادت سمیت 6افرادشہیدہوئےتھے۔