سیلاب سے97افرادجاں بحق،پی ڈی ایم اےکی جانی ومالی نقصان کی رپورٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)نےسیلاب سےپنجاب میں جانی ومالی نقصان کی رپورٹ جاری کردی۔
پی ڈی ایم اےکی رپورٹ کے مطابق حالیہ سیلاب کے دوران مختلف حادثات میں 97 شہری زندگی کی بازی ہارگئےجبکہ پنجاب کےتین دریاؤں دریائے راوی، ستلج اور چناب میں طغیانی کے باعث 4 ہزار 500 سے زائد دیہات متاثر ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایاگیاکہ سب سےزیادہ نقصان دریائےچناب میں سیلاب کےباعث ہواجس میں مجموعی طورپر 2 ہزار 334 دیہات متاثر ہوئے، دوسرےنمبرپر دریائے ستلج میں سیلاب کے باعث 672 دیہات زیرآب آئے جبکہ دریائے راوی میں سیلاب کے باعث ایک ہزار 482 موضع جات متاثر ہوئے۔
ریلیف کمشنر کی رپورٹ کے مطابق سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب میں مجموعی طور پر 44لاکھ98 ہزار لوگ متاثرہوئے، سیلاب میں پھنسے 24 لاکھ 51 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 396 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے، 19لاکھ ایک ہزارمویشیوں کوبھی محفوظ مقامات پرمنتقل کیاگیا۔