سپارکو آئندہ ماہ جدید ہائپر سپیکٹرل سیٹیلائٹ لانچ کرے گا

0
22

پاکستان کی سائنس اینڈٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم پیشرفت، سپارکو آئندہ ماہ جدید ہائپر سپیکٹرل سیٹیلائٹ لانچ کرے گا۔
پاکستان ایک مرتبہ پھر خلا کی دنیا میں بڑی پیشرفت کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سپارکو آئندہ ماہ ایک جدید ہائپرسپیکٹرل سیٹیلائٹ لانچ کرے گا ،جس سے زیر زمین معدنی وسائل کی تلاش کے ساتھ زراعت، جنگلات، وائلڈ لائف، سیلاب، گلیشیر کے پگھلاؤ، فضائی آلودگی اور سموگ سے متعلقہ تحقیق کو بھی نئی جہت ملے گی۔
چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان نے لاہور میں ازنیٹ، یعنی انٹرا اسلامک نیٹ ورک آن سپیس سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام منعقدہ پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نا صرف اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں ایک رہنما کردار ادا کر رہا ہے ،بلکہ خلا اور سیٹیلائٹ امیجری کے میدان میں نمایاں پیشرفت بھی حاصل کر رہا ہے۔
چیئرمین سپارکوکے بقول اکتوبر میں لانچ ہونیوالا ہائپر سپیکٹرل سیٹیلائٹ زمین کی سطح سے روشنی کے مختلف طول موجوں کا تجزیہ کرکے معدنیات، پودوں، مٹی اور پانی کے معیار تک کی معلومات فراہم کرے گا، پہلے جن سرویز پر برسوں اور کروڑوں روپے خرچ ہوتے تھے، اب وہی تجزیہ چند دنوں اور کم لاگت میں ممکن ہوگا۔اس سیٹیلائٹ سے پاکستان معدنی ذخائر کی نقش بندی میں زیادہ خود مختار ہو جائے گا اور زمین کے قدرتی وسائل کے بہتر استعمال کی راہ ہموار ہوگی۔

Leave a reply