چینی کمپنی بی وائے ڈی نے بگاٹی کا تیز ترین رفتار کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

تیز رفتار گاڑیوں کے شوقین افراد کیلئے اہم خبر،چینی کمپنی بی وائے ڈی نے بگاٹی کا تیز ترین رفتار کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
بی وائے ڈی کی ینگوانگ U9 ایکسٹریم (Yangwang U9 Xtreme) کو دنیا کی تیز ترین پروڈکشن کار قرار دیدیا گیا، جس نے بگاٹی شیرون سپر سپورٹ (Bugatti Chiron Super Sport) کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔شیرون نے 490 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ریکارڈ رفتار حاصل کی تھی۔ اس ٹیسٹ کے دوران U9 ایکسٹریم نے جرمنی میں جرمن ٹیسٹ ڈرائیور مارک باسینگ کے ساتھ اس سپیڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 496 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو چھوا،یہ ریکارڈ صرف اس لیے ممکن ہوا، کیونکہ U9 ایکسٹریم کی کارکردگی ناقابل یقین ہے۔ تکنیکی طور پر ایسا کچھ اندرونی دہن والے انجن (combustion engine) سے ممکن نہیں ،ینگوانگ U9 ایکسٹریم چار الیکٹرک موٹرز کا استعمال کرتی ہے، جن میں سے ہر ایک 30,000 آر پی ایم کی رفتار سے گھومنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو ملکر 2,959 ہارس پاور کی طاقت پیدا کرتی ہیں۔
اپنی اس ریکارڈ ساز ریس کیلئے اس کار کو اپڈیٹ شدہ سسپنشن سسٹم اور سیمی سلِک ٹائروں سے لیس کیا گیا تھا، جنہیں خاص طور پر 300 میل فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار پر استحکام کیلئے ٹیون کیا گیا تھا۔2,480 کلوگرام وزن کے ساتھ ایکسٹریم معیاری U9 سے صرف 5 کلوگرام بھاری ہے، پھر بھی اسے پچھلے عالمی ریکارڈ کو توڑنے کیلئے ضروری کارکردگی فراہم کرنے کیلئے انجینئرنگ کیا گیا ۔
ذہن نشین رہے کہ برسوں تک بگاٹی نے تیز رفتاری کا تاج اپنے سر سجائے رکھا، لیکن یہ ریکارڈ اب BYD کی الیکٹرک ہائپر کار کے پاس چلا گیا ہے۔















