پاکستان نےورلڈچیمپئن جنوبی افریقہ کولاہورٹیسٹ میں93رنزسے شکست دیدی

0
8

پاکستانی بولرزکےسامنےساؤتھ افریقہ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی،گرین شرٹس نے ورلڈچیمپئن جنوبی افریقہ کولاہورٹیسٹ میں93رنزسےشکست دے کرسیریز میں1-0کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان نےلاہورٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کوجیت کےلئے277رنزکاہدف دیاتھاجواب میں پروٹیز کی پوری ٹیم 183 رنز پرڈھیرہوگئی اور یوں قومی ٹیم نے میچ جیت کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
چوتھا روز:
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئےسیریزکے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ کی جانب سے ریان رکلٹن نے 29 اور ٹونی ڈی زورزی نے 16 رنز کیساتھ اننگز آگے بڑھانے کی کوشش کی۔جوکہ ناکام ہوگئے۔ ٹونی ڈی زورزی چوتھےدن کے پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی کاشکار بنے۔ پھرنئے آنے والےبلےباز ٹرسٹن سٹبس بھی محض 2 رنزکےمہمان ثابت ہوئے۔
55 رنز کے مجموعی سکور پر ٹرسٹن سٹبس نعمان علی کا شکار بن گئے، ریان ریکلٹن اور ڈیوالڈ بریوس نے 73 رنز کی پارٹنرشپ کر کے اپنی ٹیم کو جیت کی کچھ امید دلائی تاہم ڈیوالڈ بریوس 54 رنز کی اننگزکھیل کرپویلین لوٹ گئے۔
ان کے آؤٹ ہونے کے بعد مجموعی سکور میں صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد ریان ریکلٹن بھی 45 بنا کروکٹ گنوابیٹھے۔اور کھانے کے وقفے کے بعد جنوبی افریقا کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان نے2کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی،جبکہ نعمان علی نے میچ میں مجموعی طور پر 10 شکار کیے۔
تیسرا روز:
کھیل کے تیسرے دن جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلی اننگز کے سکور 378 رنز کو اتارنے کے لیے جب میدان میں اتری تو اس کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے جبکہ 216 رنز بن چکے تھے۔
دن کا آغاز ٹونی ڈی ذورزی نے 81 اور سینورن متھوسوامی نے 6 رنز سے کیا، تیسرے دن کا آغاز ہوتے ہی سینورن متھوسوامی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد ٹونی ڈی ذورزی 104 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 6 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ ساجد خان نے 3 اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری اننگز میں پاکستان کےاوپنربلےباز امام الحق اس مرتبہ جلدی آؤٹ ہوئے، جبکہ پہلی اننگز میں اچھاکھیلنےوالےکپتان شان مسعودبھی صرف 7رنزکےمہمان ثابت ہوئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 64 کے مجموعی سکور پر گری جب عبداللہ شفیق 41 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے جبکہ 119 سکور پر مایانازبلےبازبابراعظم 42 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
کریز پر موجود سعود شکیل بھی زیادہ مزاحمت نہ کر سکے اور 150 کےمجموعے پر 38 رنز پرآؤٹ ہوگئے۔ جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان بھی 14 رنز پر بولڈ ہوگئے۔پھر شاہین آفریدی بھی کچھ نہ کرسکے اور 151 کے مجموعی رنز پر صفر پر بغیرکھاتہ کھولےپویلین لوٹ گئے۔ بعد ازاں آغا سلمان 4، نعمان علی 11 اور ساجد خان ایک رن بناکر چلتے بنے اور یوں پاکستان کی پوری ٹیم 167 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 277 رنز کا ہدف دیا۔
277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور کپتان ایڈن مارکرم 3 اور ویان مولڈر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، پاکستان کی جانب سے دونوں وکٹیں نعمان علی نے حاصل کیں۔
دوسرا روز:
میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر کیا تو محمد رضوان 62 اور سلمان علی آغا 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
محمد رضوان 362 کے مجموعے پر 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اسی اوور میں نعمان علی اور ساجد خان بھی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، تینوں کھلاڑیوں کو سینوران متھوسامے نے آؤٹ کیا۔
سلمان علی آغا نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے اور 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم حسن علی بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے متھوسامے نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پرینیلان سبراین نے دو وکٹیں حاصل کیں، کگیسو ربادا اور سائمن ہارمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز کپتان ایڈن مارکرم اور ریان رکلٹن نے کیا تاہم ایڈن مارکرم 45 کے مجموعی سکور پر 20 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 80 کے مجموعی سکور پر گری جب ویان مولڈر 17 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے ریان رکلٹن 71 رنز ، ٹرسٹان سٹبس 8، کائل ویرین 2، ڈیوالڈ بریوس بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے جبکہ ٹونی ڈی زورزی 81 اور سین متھوسمی 6 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 4، ساجد خان اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
پہلا روز:
ٹیسٹ میچ کےپہلےروزپاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا مگرمایوس کن رہا پاکستان کی پہلی وکٹ تیسری ہی گیند پر گر گئی، اوپنر عبداللہ شفیق 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق کو ربادا نے ایل بی ڈبلیو پر آؤٹ کیا۔
عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مسعود اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، تاہم شان مسعود 76 رنز بنانے کے بعد پرینیلن سبریئن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، امام الحق 93 رنز بنا کر سینوران متھوسامی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
مایانازبلےبازبابراعظم صرف 23 رنز ہی بنا سکے جبکہ سعود شکیل نے کھاتہ کھولے بغیر پویلین کی راہ لی، جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسامی نے 2، کاگیسو ربادا، سائمن ہارمر اور پرینیلن سبریئن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی سکواڈ:
شان مسعود (کپتان)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، عبداللہ شفیق، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نعمان علی اور ساجد خان قومی ٹیم میں شامل ہیں۔
جنوبی افریقی ٹیم:
ٹونی ڈی زورزی، ریان رکلٹن، ویان مولڈر، ایڈن مارکرم (کپتان)، ٹرسٹان اسٹبس، ڈیوالڈ بریوس، کائل ویرین، سین متھوسمی، پرینلان سبرائین، کگیسو ربادا، سائمن ہارمر جنوبی افریقی سکواڈ کا حصہ ہیں۔

Leave a reply