وزیراعظم شہبازشریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس میں شرکت کیلئےسعودی عرب روانہ

وزیراعظم شہبازشریف سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان کی دعوت پرفیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کی نویں کانفرنس میں شرکت کے لیے وفد کے ہمراہ ریاض روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم کےوفدمیں نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب،وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور بلال بن ثاقب بھی شریک ہیں۔
سعودی عر ب کےدارالحکومت ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس میں عالمی رہنما، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور دیگر شعبوں کے نامور لوگ شرکت کریں گے کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کی قیادت کرینگے۔
وزیرِاعظم پائیدار ترقی، اقتصادی شمولیت، جدت اور عالمی جغرفیائی سیاست میں تبدیلیوں پر ہونے والی گفتگو میں شرکت اور پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔اس دورےکےدوران وزیراعظم شہبازشریف سعودی قیادت سےملاقاتیں بھی کرینگے۔
جن میں پاکستان و سعودی عرب کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے گفتگو ہو گی، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے عالمی و علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوگی۔
فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس کےدوران وزیراعظم شہبازشریف عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے، ان ملاقاتوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے حوالے سے تعاون کی استعداد پر گفتگو ہو گی۔















