ون ڈےسیریز:پاکستان جنوبی افریقہ کےدر میان پہلامیچ آج کھیلاجائےگا

پاکستان جنوبی افریقہ کےدرمیان ون ڈےسیریزکاپہلامیچ آج کھیلا جائےگا۔ شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔
فیصل آبادکااقبال سٹیڈیم 17سال بعدون ڈےسیریزکی میزبانی کےلئےتیار ،سیریزکےتینوں میچزاقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 4 نومبر دوسرا میچ 6 نومبر اور تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا ۔
اس گراؤنڈمیں آخری مرتبہ 11اپریل 2008کوپاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان انٹرنیشنل ون ڈے میچ کھیلا گیاتھا۔اس میدان میں مجموعی طور پر 16 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں ۔پاکستان نے اقبال سٹیڈیم میں 12 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں، جن میں سے 9 جیتے ہیں اور 3 ہارے ہیں۔جبکہ جنوبی افریقہ نے یہاں 5 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں سے2 جیتے ہیں3 میں اسے شکست ہوئی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے پاکستان ٹیم کی قیادت ان کے لیے اعزاز ہے۔وہ یہ ذمہ داری بخوبی نبھانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں سترہ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے اور ہم جنوبی افریقہ کے خلاف اس سیریز میں اچھی کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔ہم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز اچھی کھیلی ہے ۔
کپتان شاہین آفریدی نےمزید کہا کہ بحیثیت کھلاڑی ہمارا کام کھیلنا ہے اور جو بھی ذمہ داری دی جاتی ہے اسے نبھانا ہے۔ اس وقت ان کی توجہ ون ڈے پر ہے کہ کس طرح کارکردگی کو بہتر کرنا ہے۔
بابراعظم کے بارے میں شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ آخری ٹی ٹوئنٹی کی اننگز سے یقیناً ان کا اعتماد بڑھا ہوگا اور دوتین اننگز میں ناکامی کی وجہ سے آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ بابراعظم اچھا کھلاڑی نہیں ہے۔
کپتان نےمزیدکہا کہ جب بھی سینئر کھلاڑی پرفارم کرتے ہیں ٹیم کامیابی حاصل کرتی ہے ۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 87 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں پاکستان نے34 جیتے ہیں جبکہ 52 میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔
میچ مقامی وقت کےمطابق دوپہر3بجےشروع ہوگا۔
پاکستان اسکواڈمیں (کپتان)شاہین شاہ آفریدی،ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، فیصل اکرم، فخرزمان، حارث رؤف، حسیب اللہ، حسن نواز، حسین طلعت ٹیم کاحصہ ہونگے۔جبکہ محمد نواز، محمد رضوان ( وکٹ کیپر) محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب اور سلمان علی آغا کوبھی ٹیم میں شامل کیاگیاہے۔
واضح رہےکہ اس ون ڈے سیریز سے قبل دونوں ٹیمیں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل چکی ہیں۔ ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی جبکہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز دو ایک سے اپنے نام کی ۔















