آئی سی سی نے حارث رؤف پر دو میچز کی پابندی اور جرمانہ عائد کر دیا

0
21

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان کی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق حارث رؤف کو دو ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے ہیں، جبکہ ان پر دو میچز کی پابندی بھی لگائی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حارث رؤف نے ایشیا کپ کے فائنل کے دوران ایک بار پھر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، جس پر انہیں مزید دو ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے۔
اس طرح حارث رؤف کے مجموعی طور پر 24 ماہ کے اندر چار ڈی میرٹ پوائنٹس مکمل ہو گئے، جس کے نتیجے میں انہیں دو معطلی کے پوائنٹس ملے اور ان پر دو میچز کی پابندی عائد کر دی گئی۔
پابندی کے باعث حارث رؤف جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچز 4 اور 6 نومبر میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
اسی سلسلے میں آئی سی سی نے پاکستانی بیٹر صاحبزادہ فرحان کو آفیشل وارننگ جاری کی ہے۔
دوسری جانب بھارتی کپتان سوریا کمار یادو پر بھی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے، جبکہ انہیں بھی دو ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق 28 ستمبر کو فائنل میچ میں بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے اپنی غلطی تسلیم کر لی تھی، جس پر انہیں آفیشل وارننگ جاری کی گئی اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔
تاہم بھارتی بولر ارشدیپ سنگھ کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار نہیں دیا گیا، اور وہ کسی بھی سزا سے محفوظ رہے۔

Leave a reply