علامات نہیں تھیں پھر بھی کینسر نکلا، مہیما چودھری کاانکشاف

بالی ووڈ کی اداکارہ مہیما چودھری نےانکشاف کیاہےکہ علامات نہیں تھیں پھر بھی کینسر نکلا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ینگ ویمن بریسٹ کینسر کانفرنس 2025 سے خطاب کے دوران مہیما چودھری نے ہر عمر کی خواتین کو باقاعدگی سے میڈیکل اسکریننگ کروانے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنا تجربہ بھی شیئر کیا۔
مہیما چودھری نے بتایا کہ 2022 میں معمول کے چیک اپ کے دوران بریسٹ کینسر کی تشخیص میرے لیے حیران کن تھی۔
اداکارہ کے مطابق تین سال قبل میں سالانہ چیک اپ کے لیے گئی تھی، نہ کہ بریسٹ کینسر کی اسکریننگ کے لیے، کیونکہ مجھ میں کوئی ایسی علامت موجود نہیں تھی جو اس مرض کی نشاندہی کرتی۔
مہیما چودھری کا کہنا تھا کہ کینسر ایک ایسا مرض ہے جسے آپ خود نہیں پکڑ سکتے، اس کی تشخیص مکمل جانچ کے بغیر ممکن نہیں ہوتی، چاہے مریض کتنا ہی صحت مند کیوں نہ لگتا ہو۔ اس لیے اگر آپ باقاعدگی سے سالانہ چیک اپ کرواتے رہیں تو آپ اس مرض کی بروقت تشخیص اور علاج دونوں کروا سکتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ بھارت میں اب بریسٹ کینسر کے علاج میں کافی تبدیلی آچکی ہے، دوائیں بھی پہلے کے مقابلے میں سستی ہیں اور آگاہی بھی بڑھ رہی ہے۔ میں نے بھی کینسر سے مضبوطی سے لڑنے والے مریضوں کی کہانیاں سن کر حوصلہ حاصل کیا تھا۔
یاد رہے کہ مہیما چودھری نے 2022 میں بریسٹ کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر مداحوں کو دی تھی اور چند ماہ بعد اپنی صحتیابی کا اعلان کیا تھا۔















