ڈسکورپاکستان اور پی ٹی ڈی سی کے اشتراک سے ’’ گلوبل ڈیسٹینیشنز ایکسپو‘‘ کا شاندار انعقاد

0
23

ڈسکور پاکستان کے زیراہتمام پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے اشتراک اور لاہور آرگینک ویلیج کے تعاون سے اسلام آباد میں گلوبل ڈیسٹینیشنز ایکسپو کا شاندار انعقاد کیا گیا۔
میریٹ ہوٹل اسلام آباد میں منعقدہ گلوبل ڈیسٹینیشنز ایکسپو میں دنیا بھر کے پچاس سے زائد سفارتخانوں ، ملکی و غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی۔

ایکسپو کا افتتاح پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوئنیسکو نے کیا،اس موقع پرڈسکور پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا اوردیگر ممالک کے سفیر بھی موجود تھے۔
ایونٹ میں مختلف سفارتخانوں نے اپنے خصوصی اسٹالز لگائے، جن میں مہمان ممالک نے اپنی ثقافت، آرٹ، ہینڈی کرافٹس اور سیاحتی ورثے کو نمایاں انداز میں پیش کیا۔ بین الاقوامی روایتی کھانوں نے شرکا کی خاص توجہ حاصل کی، جس سے لوگوں کو دنیا کے مختلف ذائقوں اور ثقافتی خصوصیات سے روشناس ہونے کا بہترین موقع ملا۔
وزیراعظم کے مشیرِ برائے سیاحت سردار یاسر الیاس تقریب کےمہمان خصوصی تھے۔ ایکسپو کی اختتامی تقریب میں سردار یاسر الیاس نے مختلف ممالک سے آئے مہمانوں کو شیلڈز پیش کیں اور اس ایونٹ کو پاکستان کی ٹورازم انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔


سردار یاسر الیاس نے کہا یہ انٹرنیشنل ایکسپو پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ اس سے نہ صرف ملک کی ٹورازم انڈسٹری کو مثبت تقویت ملے گی بلکہ پاکستانی عوام کو دنیا کے مختلف ممالک کی سیاحت، ثقافت اور خصوصیات کو سمجھنے کا بہترین موقع بھی ملا ہے۔
اس موقع پر رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوئنیسکو نے شاندار ایکسپو کے انعقاد پر ڈسکورپاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بین الاقوامی ایونٹس پاکستان اور دنیا کے ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط بناتے ہیں اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔


ڈسکور پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مہمان وفود کو خیر سگالی کے طور پر گلدستے پیش کیے اور انہیں پاکستان میں مزید سیاحتی امکانات اور ثقافتی ورثے سے آگاہ کیا۔


ڈاکٹرقیصررفیق نےاپنےخطاب میں وزیراعظم پاکستان کے سیاحت کیلئے اقدمات پر شکریہ اداکیا۔انہوں نےغیرملکی سفیروں اور سفارتی نمائندوں کا بھی شکریہ اداکرتےہوئے کہا کہ اگلےسال اس سے بھی بڑی ایکسپو کا انعقاد کیا جائےگا۔

Leave a reply